اخروٹ پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے جو جلد کو چمکدار بنانے اوروزن کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔ ماہرین صحت روزانہ 2اخروٹ کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔
اخروٹ نہ صرف ہماری جلد کو چمکدار بناتے ہیں بلکہ بڑھاپے کو بھی روکتے ہیں اور خون کو بھی صاف کرتے ہیں۔ یہ اومیگا3اور اومیگا6 فیٹی ایسڈزحاصل کرنے کا بھی بہترین ذریعہ ہیں جو اچھی صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
اخروٹ کو صحت کے فوائد کی بدولت سپر فوڈ بھی کہا جاتا ہے۔ یہ دل کی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔
ماہرین کے مطابق مٹھی بھر اخروٹ جلد کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کرتے ہیں جس سے جلد صحت مند اور چمکدار نظر آتی ہے۔
جرنل آف فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق اخروٹ اومیگا 3اور اومیگا 6فیٹی ایسڈز حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
دونوں فیٹی ایسڈز کا مناسب مقدار میں استعمال جلد کے مسائل کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔
تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تقریباً95سے 99فیصد آبادی اچھی صحت کے لیےاومیگا 3فیٹی ایسڈز کا استعمال کم کرتی ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ صحت مند جلد کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ 2سے3اخروٹ کھائیں۔
اخروٹ کھانے سے ہماری جلد کو حاصل ہونے والے فوائد
جلد کو نمی بخشتے ہیں
اخروٹ میں وٹامن بی اور ای جیسی موئسچرائزنگ خصوصیات ہوتی ہیں۔ یہ غذائی اجزا ہماری جلد کو ہائیڈریٹ رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ اخروٹ ہماری جلد کو خشک ہونے سے بچاتے ہیں۔
سیاہ حلقوں کو کم کرتے ہیں
موبائل فون اور اس جیسے دیگر الیکٹرانک ذرائع کے کئی گھنٹوں تک مسلسل استعمال سےآنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا ہونا ایک عام مسئلہ بن چکا ہے۔ اخروٹ ہماری آنکھوں کے نچلے حصے میں تناؤ کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔
بڑھاپے کو روکتا ہے
اخروٹ اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز کا بھرپور ذریعہ ہے۔ یہ دونوں جلد کو آلودگی اور گرمی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے بچاتے ہیں۔
اخروٹ ہماری جلد پر ظاہر ہونے والی جھریوں اور باریک لکیروں کی علامات کو ظاہر ہونے سے روکنے میں مدد کرتا ہے۔
چمکدار جلد
اخروٹ میں موجود وٹامنز جلد کی رنگت اور سیاہ دھبوں کو کم کرنے کے لیے بھی جانے جاتے ہیں۔ یہ وٹامنز ہماری جلد کو نرم کرتے ہیں اور اندر سے بھی چمکدار بناتے ہیں۔
خون کو صاف کرتا ہے
اخروٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس ہمارے جسم میں موجود زہریلے مادوں کو باہر نکالتے ہیں۔
یہ خون کو صاف کرتا ہےاور جلد کو مختلف مسائل جیسے کیل مہاسوں اور پھنسیوں سے محفوظ رکھتا ہے۔