پاکستان نے میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران سے ملحقہ کئی سرحدی کراسنگ پوائنٹس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ پنجگور کے مطابق پنجگور میں واقع ایران سے متصل چیدگی اور جیرک پروم کے بارڈر پوائنٹس پر آمد و رفت مکمل طور پر روک دی گئی ہے، جبکہ گوادر میں گبد کلاتو کراسنگ کو بھی بند رکھا گیا ہے، ان مقامات پر ایندھن کی ترسیل پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کی ایران میں موجود پاکستانی زائرین کی باحفاظت واپسی کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت
حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں، انتظامیہ نے صورتحال کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا ہے۔
کیچ ضلع میں واقع ردیگ مند بارڈر بھی تاحکمِ ثانی بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایران کی موجودہ غیر مستحکم صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: عراقی فضائی حدود کی بندش، پاکستانی زائرین کی محفوظ رہائش اور واپسی کے لیے انتظامات جاری
تاہم، تفتان بارڈر پر تجارت اور مسافروں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے اور وہاں فی الحال کوئی رکاوٹ نہیں دیکھی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالات بہتر ہوتے ہی بارڈر کراسنگ پوائنٹس کو مرحلہ وار کھولنے پر غور کیا جائے گا۔