پاکستان کے کن علاقوں میں آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے؟

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے آج بروز پیر کشمیر،گلگت بلتستان، مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، خیبرپختونخوا، سندھ اور شمالی بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ژالہ باری ہو سکتی ہے۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیے پاکستان میں مون سون کی بارشیں کب شروع ہوں گی؟

دوسری طرف محکمہ موسمیات پاکستان اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق سندھ بھر میں، بشمول ضلع شہید بینظیر آباد، 16 اور 17 جون کو گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار رہیں۔ تمام اداروں کو بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

عوامی ہدایت نامے میں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر جاری اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوری طور پر اپنے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے رابطہ کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم رہا۔ تاہم وسطی وجنوبی پنجاب، با لائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور شہید بینظیر آباد میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے مون سون 2025: معمول سے زیادہ بارشیں، سیلاب اور اربن فلڈنگ کا خطرہ، محکمہ موسمیات

سب سے زیادہ بارش پنجاب کے علاقوں بہاولنگر میں 08 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 04 ملی میٹر، ساہیوال میں03 ملی میٹر، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 02 ملی میٹر ہوئی جبکہ خیبرپختونخوا کے علاقوں لوئر دیر میں 07 ملی میٹر، سیدو شریف میں 03 ملی میٹر، کاکول، مردان، دروش میں 01 ملی میٹر اور گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں 03 ملی میٹر، سندھ کے شہر شہید بینظیر آباد میں03 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp