ایئر انڈیا کی پرواز تکنیکی مسئلے کے شبہ پر بحفاظت ہانگ کانگ ایئرپورٹ لوٹ آئی

پیر 16 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہانگ کانگ سے نئی دہلی جانے والی ایئر انڈیا کا بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ پیر کے روز پرواز کے دوران تکنیکی مسئلے کے شبہ پر احتیاطی تدبیر کے طور پر ہانگ کانگ واپس لوٹ آیا، اس بات کی تصدیق برطانوی خبر رساں ادارے نے اپنے قابل اعتماد اور واقع سے براہِ راست واقف ذریعے کے توسط سے کی ہے۔

مذکورہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب چند روز قبل ایئر انڈیا کی ایک اور بوئنگ ڈریم لائنر پرواز، جو لندن جا رہی تھی، بھارتی شہر احمد آباد میں پرواز کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گئی تھی، جس میں 242 میں سے 241 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: احمد آباد میں ایئر انڈیا کا طیارہ کریش، امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بوئنگ کمپنی کے شیئرز گر گئے

ذرائع کے مطابق پیر کے روز ہانگ کانگ سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 315 اس وقت واپس لوٹ آئی جب پائلٹ کو فضا میں کسی ممکنہ تکنیکی خرابی کا شک ہوا، طیارے کو ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوپہر 1 بجے کے قریب ہنگامی لینڈنگ کے لیے تیار کیا گیا، جہاں طیارہ 1:15 بجے بحفاظت لینڈ کر گیا۔

ایئرپورٹ اتھارٹی ہانگ کانگ کے ترجمان کے مطابق ایئرپورٹ کی سرگرمیاں اس واقعے سے متاثر نہیں ہوئیں، پرواز نے دوپہر 12:20 بجے ہانگ کانگ سے اڑان بھری اور تقریباً ایک گھنٹے بعد واپس لینڈ کیا، فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ ایئرنیو ریڈار کے مطابق طیارہ 22 ہزار فٹ کی بلندی تک پہنچا تھا، جس کے بعد اس نے نیچے آنا شروع کر دیا۔

مزید پڑھیں: بم کی اطلاع پر ایئر انڈیا پرواز کی تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے پرہنگامی لینڈنگ

حادثے کا شکار ہونے والی گزشتہ پرواز کے بعد ایئر انڈیا اور بوئنگ دونوں کے لیے یہ ایک نیا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ایئر انڈیا اپنے بیڑے کو جدید بنانے اور بوئنگ اپنی ساکھ بحال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

بوئنگ اور ایئر انڈیا دونوں کی جانب سے اس تازہ واقعے پر تاحال کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp