ایران کی پارلیمنٹ میں اس وقت جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریر کے دوران پورا ایوان پاکستان کے حق میں نعروں سے گونج اُٹھا۔
اراکین پارلیمنٹ نے کھڑے ہو کر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے گہرے دوستانہ تعلقات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
ایرانی پارلیمنٹ میں صدر ایران کے تقریر کے دوران پورا ایوان پاکستان کے لیے اظہارِ تشکر کے نعروں سے گونج اُٹھا۔#iran #pakistan pic.twitter.com/dLIsAw4CBN
— Jafaria TV (@JafariaTV1) June 16, 2025
ایرانی میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ صدر کی تقریر کے دوران اراکین پارلیمنٹ نے اجتماعی طور پر ’پاکستان زندہ باد‘ اور ’پاکستان تشکر تشکر‘ جیسے نعرے لگائے۔
اس دوران متعدد اراکین نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں پاکستان کے لیے محبت کا پیغام دیا۔
حالیہ دنوں میں تعلقات میں گرمجوشی
یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان سفارتی سطح پر نمایاں قربت دیکھنے کو ملی ہے۔ کچھ روز قبل پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا تھا، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون، علاقائی امن اور استحکام پر زور دیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے کہا تھا کہ پاکستان اسرائیلی اشتعال انگیزیوں کے خلاف ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
خطے میں اسلامی اتحاد کی علامت
سیاسی مبصرین اس منظر کو اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور باہمی اعتماد کی علامت قرار دے رہے ہیں۔ موجودہ علاقائی تناظر، خصوصاً اسرائیل ایران کشیدگی کے ماحول میں پاکستان کی جانب سے واضح اخلاقی حمایت پر ایران کا یہ عوامی شکریہ دونوں ممالک کے مابین اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو نئی سمت دے سکتا ہے۔
تاریخی تعلقات کی تجدید
پاکستان اور ایران کے تعلقات کی بنیاد ثقافت، مذہب اور سرحدی ہمسائیگی پر قائم ہے، تاہم حالیہ بیانات، اقدامات اور عوامی ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تعلقات صرف سفارتی نہیں بلکہ قومی سطح پر بھی گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔
ایرانی پارلیمنٹ میں اس عوامی اظہارِ تشکر نے ایک بار پھر واضح کر دیا ہے کہ اسلامی دنیا میں پاکستان کا مقام اور اس کی کردار ادا کرنے کی صلاحیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔