دہشتگرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، ڈی جی آئی ایس پی آر کا جناح یونیورسٹی کراچی کا دورہ

منگل 17 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے مٹھی بھر دہشتگرد بلوچستان کے ساتھ رشتوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔

یہ بھی پڑھیں ڈی جی آئی ایس پی آر کی ’نمل‘ کے طلبا و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ نشست

جناح یونیورسٹی برائے خواتین کراچی کے دورے پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہاکہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں پاکستانی عوام بالخصوص طلبا و طالبات نے کلیدی کردار ادا کیا اور بھارتی اسٹریٹجک مفروضوں کو ہمیشہ کے لیے زمین بوس کردیا۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام پاکستان کے ساتھ مذہب، ثقافت اور روایات کے رشتوں میں بندھے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے طالبات کو آپریشن ’بنیان مرصوص‘ میں دشمن کے ناپاک ارادوں کو نیست و نابود کرنے پر پاک افواج کی حکمتِ عملی اور قربانیوں سے آگاہ کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اپنے خطاب میں کہاکہ کوئی شک نہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔

اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ اور طالبات کی جانب سے پاک فوج کو جنگ میں کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر طالبات نے کہاکہ ہم پاک افواج سے ہیں اور پاک افواج عوام سے ہیں، عوام اور افواج کا رشتہ ہمیشہ سے انتہائی مضبوط تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور اس طرح کے مزید سیشنز منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

یہ بھی پڑھیں ’ہمارے جواب کا انتظار کرو‘، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے بھارت میں حملوں تک کیا کچھ ہوا؟

قبل ازیں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا یونیورسٹی آمد پر انتظامیہ اور طالبات نے پُرجوش استقبال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp