کراچی یونین آف جرنلسٹس کا غزہ و ایران میں صحافیوں کے قتل پر اسرائیل کے خلاف احتجاج

منگل 17 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی یونین آف جرنلسٹس (دستور) کی جانب سے ایران کے سرکاری چینل پر حملے اور صحافیوں کے قتل پر اسرائیل کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی ٹی وی اسٹیشن پر حملہ میں 2 خواتین میڈیا ورکر شہید

احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔ صحافیوں کی جانب سے غزہ اور ایران میں صحافی برادری کو نشانہ بنانے کی پرزور مذمت کی گئی۔

اس موقعے پر صحافیوں کا کہنا تھا کہ یہ آزادی اظہار رائے پر کاری وار ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

مزید پڑھیے: اسرائیل کا ایرانی سرکاری ٹی وی پر براہِ راست نشریات کے دوران میزائل حملہ

کراچی یونین آف جرنسلسٹ )دستور( کے سیکریٹری ریحان چشتی کا کہنا تھا کہ اس سے قبل غزہ میں سچ دکھانے والے صحافیوں کو قتل کیا گیا اور اب یہی عمل ایران میں بھی دہرایا جا رہا ہے جہاں حملوں کی کوریج کرتے صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ریحان چشتی نے کہا کہ بنیادی طور پر اسرائیل ایک دہشتگرد ملک ہے اور وہ مسلمانوں پر ظلم وبربریت کے ساتھ آزادی اظہار رائے کو بھی دبانے کی کوشش کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ نائب صدر کراچی یونین آف جرنلسٹ محمد فاروق سمیع کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کا مقصد ان صحافیوں کے لیے آواز بلند کرنا ہے جو اسرائیلی بربریت کا شکار رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم غزہ کی صورتحال پر اسلامی ممالک کے سربراہان کا اجلاس بلائیں، حافظ نعیم الرحمان

فاروق سمیع نے کہا کہ اسرائلی دہشتگردی کا سامنے آنے والا تازہ واقعہ ایرانی سرکاری ٹی وی چینل پر حملہ ہے جس میں اطلاعات کے مطابق 30 کے قریب صحافی اور ادارے سے وابستہ دیگر افراد شہید ہوگئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور امریکا مل کر ان دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہیں جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

اس موقعے پر صدر کے یو جے دستور نصراللہ چوہدری، کے یو جے اور کراچی پریس کلب کے سابق و موجودہ عہدیدار مظہر عباس، امتیاز خان فاران، مقصود احمد یوسفی، اے ایچ خانزادہ، طارق ابوالحسن، شمس کیریو، رضوان بھٹی، سعید سربازی، اشرف بھٹی، اصغر عمر اور عامر لطیف بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp