2019 کا اقدام واپس لینے تک بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات پر تبدیلی نہیں آسکتی: بلاول بھٹو

جمعہ 5 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے گوا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو یکطرفہ اقدامات واپس لے کر بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہو گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، بھارت کے 2019 کے اقدام سے دونوں ممالک میں فاصلے پیدا ہوئے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کیا جائے، بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی اور دو طرفہ سمجھوتوں کی خلاف ورزی کر تا ہے تو بات چیت کا کیا مستقبل ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ 2019 کا اقدام واپس لینے تک بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات پر تبدیلی نہیں آ سکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ اور میرا ایک ہی طریقے سے ایک دوسرے کو سلام کرنا میرے لیے خوشی کی بات ہے، بھارتی وزیر خارجہ سب سے ایک ہی طریقے سے ملے۔

نیوز کانفرنس کے دوران کھیلوں سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہماری بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو بھارت جانا تھا لیکن انہیں ویزا نہیں دیاگیا، کھیل کو سیاست اور خارجہ پالیسی سے الگ ہوناچاہیے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ کسی موقع پر ایسا نہیں لگا کہ پاک بھارت اختلاف کی وجہ سے فورم پر اثر پڑا ہے، بھارت کے عوام اور میڈیا کا جو بھی موقف ہو ہم بہتر تعلقات چاہتے ہیں، جس طرح میری آمد کو کور کیا گیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی اہمیت زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے موقع پر مختلف وزرائے خارجہ سے ملاقات ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp