اسحاق ڈار سے عالمی بینک کے وفد کی اہم ملاقات

جمعہ 5 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی بینک کے وفد نے جمعہ کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔

وفد کی سربراہی عالمی بینک کی نائب صدر برائے انسانی ترقی ممتا مورتھی کر رہی تھیں۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر اعلیٰ حکام  بھی موجود تھے۔

وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور ملک کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عالمی بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی معاونت  پر اس کا شکریہ ادا کیا۔

ممتا مورتھی نے اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے خاص طور پر تعلیم، صحت و غذائیت، سماجی تحفظ، آبادی پر قابو پانے اور خواتین کی ترقی میں ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ میں مقامی ملکیت اور کمیونٹی کی شراکت کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے خطے میں انسانی ترقی کے بہترین مروجہ طریقوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان میں بھی انہی طریقوں کو شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار نے نائب صدر کو عوام کی ترقی اور ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے انسانی ترقی کے کلیدی شعبوں سے متعلق حکومت کی پالیسیوں اور پروگرامز کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp