بنگلہ دیش کے تجربہ کار وکٹ کیپر بیٹر مشفق الرحیم نے سری لنکا کے خلاف جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں کئی اہم سنگِ میل عبور کر کے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں درج کروا لیا۔
مشفق الرحیم نے اپنی 12ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ عمر میں سنچری بنانے والے نان اوپنر کا ریکارڈ قائم کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کے یونس خان کے پاس تھا، جنہوں نے 2015 میں سری لنکا کے خلاف 37 سال 216 دن کی عمر میں سنچری اسکور کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے شعیب اختر کو یونس خان سے حسد کیوں ہونے لگا؟
مشفق الرحیم نے محمد اشرفل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سری لنکن سرزمین پر سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے بنگلہ دیشی کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
ایک منفرد عالمی ریکارڈ
مشفق نے اپنے 163 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ ایک انوکھا عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا، وہ بین الاقوامی کرکٹ میں بغیر ایک بھی گیند کروائے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔
انہوں نے آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ کا 15,461 رنز کا ریکارڈ توڑتے ہوئے مجموعی طور پر 15,502 رنز مکمل کیے۔
▪️ سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز (بغیر کوئی گیند کروائے)
- مشفق الرحیم (بنگلہ دیش) – 15,502
- ایڈم گلکرسٹ (آسٹریلیا) – 15,461
- کوئنٹن ڈی کوک (جنوبی افریقہ) – 12,654
- جوز بٹلر (انگلینڈ) – 11,881
- جونی بیئرسٹو (انگلینڈ) – 11,581
میچ کی صورتحال
بنگلہ دیش نے 264 رنز کی شراکت مشفق الرحیم اور نجمل حسین شانتو کے درمیان قائم کی، جبکہ 149 رنز کی شراکت مشفق اور لٹن داس کے درمیان ہوئی۔
شانتو نے 148 اور لٹن نے 90 رنز بنائے، لیکن بارش کے بعد کھیل کے تیسرے سیشن میں سری لنکن بولرز نے زبردست انداز میں واپسی کی اور صرف 61 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیے بنگلہ دیش کے اہم بلے باز مشفق الرحیم کا ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
دن کے اختتام پر بنگلہ دیش کا اسکور 484 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ تھا۔ حسن محمود اور ناہید رانا کریز پر موجود ہیں اور اب تک کھاتہ نہیں کھولا۔
مشفق الرحیم کا یہ کارنامہ نہ صرف ان کے کرکٹ کیریئر کا اہم باب ہے بلکہ بنگلہ دیشی کرکٹ کے لیے بھی قابل فخر ہے۔ ان کا تجربہ، تسلسل، اور جارحانہ کھیل کا انداز نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مثال ہے۔