اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل میں نامزد ملزم عمر حیات کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا ہے۔
دارالحکومت کی ضلعی عدالت میں ثنا یوسف قتل کیس کی سماعت کے موقع پر 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم عمر حیات کو جوڈیشل مجسٹریٹ حفیظ احمد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قاتل عمر حیات کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور، پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم انتہائی چالاک اور جُرم کی سنگینی کو سمجھتا ہے، اس لئے موبائل فون برآمد نہیں کروا رہا۔۔!! pic.twitter.com/qaVi9q4G1j
— Khurram Iqbal (@khurram143) June 20, 2025
پروسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے زیر استعمال گاڑی برآمد کی جاچکی ہے، تاہم اس کا موبائل فون تاحال برآمد نہیں کیا جا سکا، ان کا کہنا تھا کہ ملزم انتہائی چالاک ہے اور جان بوجھ کر موبائل فون برآمد کروانے میں تعاون نہیں کر رہا، لہٰذا اس کے جسمانی ریمانڈ میں 7 روز کی توسیع دی جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم عمر حیات کے جسمانی ریمانڈ میں 3 روز کی توسیع کرتے ہوئے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزم کو 23 جون کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سمبل میں درج ہے۔