کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایک دل دہلا دینے واقعہ پیش آیا جہاں ایک سنگ دل باپ نے اپنے 9 ماہ کے بچے کو مبینہ طور پر جان سے مارنے کی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سالانہ ہزاروں مائیں اور لاکھوں بچے کیوں مر رہے ہیں؟
پولیس کے مطابق شوہر عامر کے خلاف بیوی نے تھانہ لیاقت آباد میں شکایت درج کرادی ہے جس میں بیوی کا اپنے شوہر کے خلاف 9 ماہ کے بیٹے کے قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔
مدعی مقدمہ نسیمہ نے درج مقدمہ میں مؤقف اپنایا ہے کہ ہم لیاقت آباد کے رہائشی ہیں، میری شادی عامر سے 2 سال پہلے ہوئی جس سے میرا بیٹا احمد پیدا ہوا جس کی عمر اس وقت 2 ماہ ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق 11 جون کودن کے 4 بجے گھر میں ذاتی رنجش کے باعث شوہر نے بیٹے کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کے لیے دونوں ٹانگوں اور ہاتھوں سے پکڑ کر چولہے پر گرادیا، بیٹا بہت رویا لیکن اس نے ایک نہیں سنی اور مجھے بھی تھپڑ مارا۔
مدعی مقدمہ کے مطابق جب انہیں کچھ سمجھ نہ آیا تو شور مچایا جس سے ان کا شوہر گھر سے بھاگ گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کا اپنے ماں باپ اور ساس سسر کو بتایا اور بیٹے کو عباسی شہید اسپتال لے کر گئی۔
مزید پڑھیے: نوزائیدہ بچے کو خوش اور صحت مند کیسے رکھا جائے؟
خاتون نے کہا کہ بیٹا اب زیر علاج ہے جبکہ میرا دعویٰ ہے کہ ذاتی رنجش کے باعث شوہر نے میرے بیٹے کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا اور جان سے مارنے کے لیے آگ میں جلایا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔