پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے ون ڈے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔

سنہ 2005 میں آئی سی سی رینکنگز کے باضابطہ آغاز کے بعد پاکستان نے پہلی مرتبہ ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پانچ میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان رینکنگ میں پانچویں نمبر پر تھا۔

سیریز میں شاندار پرفارمنس دکھاتے ہوئے پاکستان نے نیوزی لینڈ کو پہلے چاروں میچز میں ہرا کر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

پاکستان فی الحال آسٹریلیا اور انڈیا کے خلاف ڈیسیمل پوائنٹس پر آگے ہے تاہم اگر پاکستان نیوزی لینڈ سے پانچواں میچ ہار جاتا ہے تو پہلی پوزیشن پر برقرار نہیں رہ پائے گئی۔


چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پاکستان کے مجموعی ریٹنگ پوائنٹس 113.483 ہوگئے ہیں، آسٹریلیا کے ریٹنگ پوائنٹس 113.286 جبکہ انڈیا کے ریٹنگ پوائنٹس 112.638 ہیں۔

رینکنگ کے آغاز کے بعد سے پاکستان کی بہترین پوزیشن تیسری رہی ہے لیکن اب وہ تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی پوزیشن پر آگیا ہے۔

کپتان بابر اعظم جن کی قیادت میں قومی ٹیم نے یہ کارنامہ سر انجام دیا ہے وہ 9 سال پہلے آج ہی کے دن پاکستان کیمپ کے لیے سلیکٹ ہوئے تھے۔

 

پاکستانی ٹیم کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ’عالمی نمبر 1 رینک اور 102 رنز سے جیت، واہ! ورلڈ کلاس ٹیم پر غلبہ حاصل کرنے پر شاباش لڑکوں‘

شاہد آفریدی نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو 5 ہزار رنز اور چوتھے میچ میں سنچری پر بھی مبارکباد دی۔

دریں اثنا آئی سی سی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

معروف اسپورٹس جرنلسٹ ڈاکٹر نعمان نیاز نے اپنے ٹوئٹ میں بابر اعظم کی تعریف کرتے اور ان کے نقادوں کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ یہ وہ کپتان ہے جس کی سربراہی میں پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن حاصل کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم تیز ترین 5 ہزار رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بن گئے، سنچری بھی کی اور اسی روز مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی لے اڑے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے بھی نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، شاہین آفریدی اور شاداب خان کی بہترین کارکردگی کے نتیجے میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کے لیے یہ بہترین وقت تھا۔ اب ایشین کرکٹ کونسل، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور ان کی امداد کرنے والوں کو کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے کئی مرتبہ سوچنا پڑے گا۔ پاکستان اس کھیل میں ایک قوت ہے اور اس نے یہ بات ایک بار پھر ثابت کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp