برطانوی خبررساں ایجنسی رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے بنکروں کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے اپنے بی-2 اسٹیلتھ بمباروں کو مغربی بحرالکاہل میں موجود گوام نامی جزیرہ منتقل کردیا ہے۔
امریکی سرکاری حکام نے رائٹرز کو طیاروں کی اس نقل و حرکت کی تصدیق کی ہے، مگر یہ واضح نہیں کیا ہے کہ یہ قدم مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور ایران کے تنازع سے متعلق ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھیے: اسرائیل کے تہران میں میزائل ذخائر اور فوجی تنصیبات پر حملے، ایران نے جوابی میزائل داغ دیے
بی-2 بمبار کو 30 ہزار پاؤنڈ وزنی جی بی یو-57 میسیو آرڈیننس پینٹریٹر کے ساتھ لیس کیا جا سکتا ہے، جنہیں ایران کے زیرِ زمین جوہری ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہی واحد ہتھیار ایران کے نیوکلیئر پروگرام خاص طور پر ‘فوردو’ نامی زیر زمین ایٹمی تنصیب کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہو سکتا ہے جسے حالیہ تنازع میں اسرائیل نقصان پہنچانے میں ناکام رہا ہے۔ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اسرائیل خود سے ایران کی زیر زمین جوہری تنصیبات کو تباہ نہیں کرسکتا۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ابھی کوئی حتمی حکم نہیں دیا گیا کہ بی-2 بمبار کو گوام سے آگے بھیجا جائے۔
دوسری طرف پینٹاگون کی طرف سے طیاروں کی اس نقل وحرکت پر فوری ردعمل نہیں دیا گیا ہے۔