دولت مشترکہ کے اہداف کا حصول، وزیر اعظم شہباز شریف کا رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی پر زور

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے دولت مشترکہ کے رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اس تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

  وزیر اعظم شہباز شریف نے لندن میں شاہ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب سے قبل دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی۔

 اجلاس سے اپنے خطاب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے مابین ہم آہنگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تا کہ مشترکہ ترقی کا خواب پورا ہو سکے۔ دولت مشترکہ کے ممالک اس تنظیم کی تقویت میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

وزیر اعظم  نے کہا کہ ان کی حکومت خواتین اور نوجوانوں کو بااختیار بنا رہی ہے اور پسماندہ طبقے جیسا کہ مذہبی اور نسلی اقلیتوں، معذور افراد اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو مرکزی دھارے میں لا رہی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ چارلس سوئم سے خصوصی ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے شاہ چارلس سوئم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جبکہ شاہ چارلس نے وزیراعظم سے گفتگو میں اپنے سابقہ دورہ پاکستان کو یاد کیا۔

شاہ چارلس سوئم  نے برطانیہ کی ترقی میں کردار ادا کرنے والی پاکستانی کمیونٹی کی بھی تعریف کی اور پاکستانی نوجوانوں اور ہنر مندوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا بھی ذکر کیا۔

دولتِ مشترکہ کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے برطانوی ہم منصب وزیراعظم رشی سونک سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

وزیر اعظم شہباز شریف سے دولت مشترکہ ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا اسکاٹ لینڈ نے بھی ملاقات کی۔

سیکرٹری جنرل کامن ویلتھ سے گفتگو میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دولت مشترکہ کے 10ویں اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ انہوں نے دولت مشترکہ کے رکن ممالک کو اجلاس میں آنے کی دعوت بھی دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp