سردار جی 3 کا ٹریلر ریلیز، دلجیت دوسانجھ کے ساتھ ہانیہ عامر کی شمولیت سے مداح حیران

پیر 23 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی 3‘ کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے، جس میں پاکستانی سپراسٹار ہانیہ عامر بھی شامل ہیں۔ فلم کا ٹریلر دیکھ کر ہانیہ عامر کے مداح خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئے۔

ہانیہ عامر کی ’سردار جی 3‘ میں شمولیت کے حوالے سے کافی عرصے سے قیاس آرائیاں جاری تھیں کیونکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ہانیہ عامر کو فلم سے نکال دیا گیا ہے۔ اس کے بعد دلجیت دوسانجھ نے فلم کے حوالے سے پہلا پوسٹر شیئر کیا تو اس میں ہانیہ عامر کہیں نہیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہانیہ عامر کی سردار جی 3 میں شمولیت پر تنازع کھڑا ہوگیا

 اداکارہ ہانیہ عامر کی فلم میں شمولیت سے متعلق قیاس آرائیوں پر دلجیت دوسانجھ نے بھی مکمل خاموشی اختیار کر رکھی تھی اور ہانیہ عامر نے بھی اس حوالے سے میڈیا پر کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا تاہم اب ’سردار جی 3‘ کا آفیشل ٹریلر سامنے آنے کے بعد تمام سوالوں کا جواب مل گیا ہے۔

دلجیت دوسانجھ نے فلم کا ٹریلر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سردار جی 3 صرف اوورسیز میں 27 جون کو ریلیز ہو رہی ہے۔ فلم میں دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، ہانیہ عامر، ناصر چنیوٹی اور دیگر مشہور پنجابی اداکار شامل ہیں۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by DILJIT DOSANJH (@diljitdosanjh)

ہانیہ عامر نے فلم کا ٹریلر اپنی انسٹا اسٹوری پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پنڈی بوائے آگئے اوئے‘۔

واضح رہے کہ پنجابی فلم انڈسٹری کی فلم ‘سردار جی 3’ سال 2015 میں ریلیز ہونے والی پنجابی فلم ‘سردار جی’ فرنچائز کا تیسرا حصہ ہے جو اپنی میکنگ کی خبروں سے ہی سرخیوں میں ہے۔ 22 اپریل 2025 کو پہلگام حملے کے بعد بھارت کی کئی فلمی تنظیموں، بشمول فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا نے ایمپلائیز (FWICE)، نے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعاون پر اعتراض کیا اور ان پر بالی ووڈ میں پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ سوشل میڈیا پر #BOYCOTTSARDARJI3 جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے تھے اب یہ فلم بھارت کے بجائے صرف اوورسیز ریلیز کی جائے گی۔

مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صرف ہانیہ عامر کی وجہ سے یہ فلم دیکھیں گے جبکہ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ ہانیہ نے پاکستانی ڈرامہ سیریل میرے ہمسفر سے غیر ملکی پنجابی سنیما تک اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp