اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی دارالحکومت تہران اور اس کے نواحی علاقے ’کرج‘ پر آج دوپہر کے قریب بڑے پیمانے پر شدید حملے کیے ہیں۔ دارالحکومت میں کئی مقامات پر دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے۔ ان حملوں کے دوران ایرانی ریاستی ٹی وی کی لائیو نشریات چند منٹ کے لیے منقطع ہو گئیں۔ اس کے علاوہ ایک تکنیکی عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا جو کئی چینلز کی براہِ راست نشریات کو سپورٹ کرتی تھی۔ دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے میزائل برسا دیے ہیں۔
معروف عرب ٹی وی چینل ’الجزیرہ‘ کے مطابق ایوین جیل کا داخلی دروازہ بھی بمباری کا نشانہ بنا۔ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی ایک عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ شہید بہشتی یونیورسٹی (شمالی تہران) کو بھی نشانہ بنایا گیا جو ملک کی ممتاز تعلیمی و تحقیقی درسگاہوں میں شمار ہوتی ہے۔ تاحال ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا۔
Massive Israeli airstrikes right now on the Iranian capital Tehran. pic.twitter.com/wPTXS2fZO1
— Quds News Network (@QudsNen) June 23, 2025
علاوہ ازیں ایران کی اہم ترین جوہری تنصیب ’فردو‘ پر ایک بار پھر حملہ کیا گیا ہے۔ ایرانی صوبہ ’قم‘ کی کرائسس مینجمنٹ آرگنائزیشن کے ترجمان مرتضیٰ حیدری نے اس حملے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ واضح رہے کہ یہ وہی تنصیب ہے جسے گزشتہ روز امریکی حملے میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
دوسری طرف اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فضائیہ اس وقت بھی ایران کے دارالحکومت تہران کے علاقوں میں مسلسل فضائی حملے کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق ان حملوں میں اسلامی انقلابی گارڈ کور کے کمانڈ مراکز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ یہ کارروائیاں منصوبہ بندی اور انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جارہی ہیں۔
NOW: Tehran. pic.twitter.com/4DUF3jDwkF
— Clash Report (@clashreport) June 23, 2025
ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ: جنوبی اسرائیل کا پاور پلانٹ میزائلوں کی زد میں، بجلی کی فراہمی متاثر
ایران نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے جواب میں ایک اور شدید میزائل حملہ کرتے ہوئے جنوبی اسرائیل کے اہم پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
الجزیرہ اور اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے تصدیق کی ہے کہ ایک میزائل اسٹریٹجک انفراسٹرکچر کے قریب گرا، جس کے بعد بجلی کی ترسیل میں خلل آیا۔ حملے کے بعد نہاریا، حیفا، میعیلیا اور دیگر شمالی علاقوں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، جس پر شہریوں نے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا۔
رائٹرز کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے آسمان پر میزائلوں کو پرواز کرتے ہوئے دیکھا گیا اور اس کے فوراً بعد دھماکوں کی شدید آوازیں سنی گئیں۔ اب تک کم از کم 4 مختلف مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں اشدود اور مغربی بیت المقدس شامل ہیں۔
اسرائیلی حکام کی جانب سے فوجی سنسر شپ نافذ کردی گئی ہے، جس کے تحت متاثرہ تنصیبات یا علاقوں کی تفصیل بتانا یا متعلقہ ویڈیوز اور معلومات شیئر کرنا سختی سے ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایران نے 23 جون بروز منگل کی صبح کو بھی اسرائیل پر میزائل برسائے، جس کے نتیجے میں اسرائیل کے وسطی، جنوبی اور شمالی علاقوں میں مسلسل سائرن بج رہے ہیں۔ اسرائیلی حکام لوگوں کو پناہ گاہوں میں چھپنے کو کہہ رہے ہیں۔ معروف عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ اسرائیل اور مغربی کنارے میں موجود لوگوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگی سائرن مسلسل بج رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ساتھ زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، اسلامی انقلابی گارڈ کور نے ایک بیان میں اسرائیل کے خلاف تازہ ترین میزائل اور ڈرون حملوں کی تفصیلات جاری کی ہیں۔
خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق اسلامی انقلابی گارڈ کور نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پر تازہ حملے میزائلوں اور ڈرونز کے مشترکہ آپریشن کے تحت انجام دیے گئے، جن میں ٹھوس اور مائع ایندھن والے میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔ ان حملوں میں اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کی پرتوں کو چیرنے کے لیے خصوصی حکمتِ عملی اختیار کی گئی۔
اسلامی انقلابی گارڈ کور کے مطابق، اب تک 5 اسرائیلی شہروں میں راکٹ حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں صفد، تل ابیب، اشکیلون، اشدود اور بیسان شامل ہیں۔
قبل ازیں آج صبح سویرے اسرائیلی فوج نے ایران کے مختلف علاقوں میں واقع 6 ایئر پورٹس پر فضائی حملوں کا دعویٰ کیا تھا جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے جدید ترین اسرائیلی جاسوس ڈرون مار گرایا ہے۔

ایرانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہیں، روسی صدر پیوٹن
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کے خلاف حالیہ حملوں کو بے بنیاد جارحیت قرار دیتے ہوئے ایران کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔
روسی صدر پیوٹن نے یہ بیان ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ کریملن میں ملاقات کے آغاز پر دیا۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
صدرپیوٹن نے کہا کہ ایران پر حالیہ جارحیت کا کوئی جواز نہیں، روس ایرانی عوام کی مدد کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
عباس عراقچی نے امریکا کے حملوں کی مذمت پر روس کا شکریہ ادا کیا۔ اور کہا کہ روس تاریخ کے درست رخ پر کھڑا ہے۔
انہوں نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکین کی طرف سے پیوٹن کو نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔
سنگین نتائج کے حامل طاقتور جوابی اقدامات امریکا کے منتظر ہیں، ایرانی کمانڈر
ایران کی مسلح افواج کی خاتم الانبیاء یونٹ نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد سنگین نتائج کے حامل طاقتور جوابی اقدامات امریکا کا انتظار کر رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق، اس یونٹ کے ترجمان نے، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکا کی طرف سے یہ مجرمانہ اقدام اسرائیل کے ایما
پر انجام دیا گیا، جو ایران کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
Spokesperson for the Khatam al-Anbiya base: Powerful operations with heavy consequences await the US. pic.twitter.com/th83NlSOf8
— Tehran Times (@TehranTimes79) June 23, 2025
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دشمنانہ کارروائی موت کے گھاٹ اترتی ہوئی صہیونی حکومت کو دوبارہ زندہ کرنے کی کوشش ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ امریکی حملوں کے بعد ایران نے موقف اختیار کیا ہے کہ امریکا کے حملے سے ایران کے لیے جائز اور متنوع اہداف کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔ اب امریکا بھی براہ راست ٹارگٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔
خاتم الانبیاء یونٹ کیا ہے؟
یہ یونٹ ایران کی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کے براہ راست کنٹرول میں ہے۔ یہ اسلامی انقلابی گارڈ کور سے الگ ایک عسکری ادارہ ہے، جو ملکی سلامتی، حساس تنصیبات کے تحفظ، اور ہنگامی دفاعی ردعمل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
ایران کے 6 ایئرپورٹس پر اسرائیلی حملہ
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے مغربی، مشرقی اور وسطی علاقوں میں واقع 6 ایئر پورٹس پر فضائی حملے کیے ہیں۔
یہ اعلان اسرائیلی فوج کی عبرانی زبان میں ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری کردہ ایک بیان میں کیا گیا، جس کے ساتھ ایک تصویر بھی منسلک تھی جس میں مہرآباد، مشہد، اور دزفول کے ایئر پورٹس کو ہدف بنائے گئے مقامات کے طور پر ظاہر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی دعویٰ کے مطابق حملے ریموٹ کنٹرول ڈرونز کے ذریعے کیے گئے۔ ان حملوں میں 15 ایرانی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئے۔
رن ویز، زیرِ زمین بنکرز، ایک ایندھن بھرنے والا طیارہ، اور F-14، F-5، AH-1 جیسے جنگی جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج کے دعوے میں کہا گیا ہے کہ فضائیہ نے ان ہوائی اڈوں سے پرواز کی صلاحیت اور ایرانی فوج کی فضائی طاقت کی آپریشنل حیثیت کو متاثر کیا ہے۔
ایران نے جدید ترین اسرائیلی جاسوس ڈرون مار گرایا
دوسری طرف ایرانی میڈیا نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں اسرائیلی ڈرون ہرمس 900 کا ملبہ دکھایا گیا ہے، جسے آج ایرانی افواج نے مار گرایا۔
تفصیلات کے مطابق، اسلامی انقلابی گارڈ کور نے صوبہ لورستان کے شہر خرم آباد میں کارروائی کے دوران اس ڈرون کو نشانہ بنایا۔ ایرانی نیوز آؤٹ لیٹ لورستان نیوز نے ٹیلیگرام پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ یہ کارروائی آج صبح انجام دی گئی۔
An advanced Israeli Hermes drone was shot down early this morning by the IRGC’s air defense forces in Khorramabad, Lorestan Province. pic.twitter.com/5s0QDqcn9n
— Tehran Times (@TehranTimes79) June 23, 2025
واضح رہے کہ ہرمس 900 ایک جدید ترین اسرائیلی جاسوس ڈرون ہے، جو طویل فاصلے تک پرواز اور نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق، یہ ڈرون ممکنہ طور پر ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
ویڈیو میں ڈرون کے جلے ہوئے ٹکڑے، اس کے پرزے، اور تباہ شدہ الیکٹرانک نظام واضح طور پر دکھائی دیتے ہیں، جو IRGC کے اہلکاروں کے زیرِ قبضہ ہیں۔