ایران نے قطر میں واقع امریکی اڈے پر بیلسٹک میزائل برسا دیے

پیر 23 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران نے قطر  میں واقع امریکی اڈے پر بیلسٹک میزائل داغ دیے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ ایران کی جانب سے امریکی اڈے پر میزائل فائر کیے گئے ہیں۔

Explosions have been heard over Doha, the capital of Qatar, according to multiple reports. pic.twitter.com/WSueFzuYmo

یہ میزائل قطر میں واقع امریکی ایئربیس العدید کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے۔

یہ بھی پڑھیں مشرق وسطیٰ کشیدگی: امریکا، برطانیہ اور چین کی قطر میں اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت

ادھر عراق میں موجود امریکی اڈے عین الاسد پر بھی صورت حال کشیدہ ہے جہاں امریکی افواج نے فضائی دفاعی نظام کو فعال کرتے ہوئے اہلکاروں کو فوری طور پر بنکروں میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ایران اپنی کارروائی مکمل کرچکا، امید ہے اب امن کی جانب بڑھے گا : قطر میں امریکی اڈے پر ایرانی حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا بیان

ایران کی جانب سے قطر میں امریکی ایئربیس پر حملے کے ردعمل میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اب اپنی کارروائی مکمل کرچکا ہے اور امید ہے کہ اب ایران امن کی جانب لوٹے گا، اسرائیل کو بھی امن کی جانب بڑھنے کی ترغیب دیں گے، دنیا کو مبارک ہو اب امن کا وقت ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے قطر میں واقع امریکی ایئربیس العدید پر حملے کے جواب میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کا جواب کمزور تھا، جس کی توقع پہلے ہی کی جا رہی تھی، اور امریکا نے اس کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا۔

ٹرتھ سوشل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ قطر میں امریکی ایئزبیس پر ایران کی جانب سے داغے گئے 14 میزائلوں میں سے 13 کو مار گرایا گیا جبکہ ایک میزائل کو اس لیے جانے دیا گیا کیونکہ وہ کسی خطرناک سمت میں نہیں جارہا تھا۔

ٹرمپ نے کہا کہ اس حملے میں کوئی امریکی شہری زخمی یا ہلاک نہیں ہوا، اور نقصان بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران نے حملے سے قبل پیشگی اطلاع دی، جس کے باعث جانی نقصان سے بچا جاسکا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران اب اپنی کارروائی مکمل کرچکا ہے اور مستقبل میں نفرت کی بجائے خطے میں امن کی طرف بڑھے گا۔

سابق صدر نے قطری امیر کا بھی شکریہ ادا کیا اور ان کی خطے میں امن قائم رکھنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حملے کے دوران کوئی قطری شہری بھی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ اسرائیل کو بھی امن کے لیے آگے بڑھنے کی ترغیب دیں گے۔

ایران کی پاسداران انقلاب نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں امریکی اڈے پر تباہ کن اور مضبوط حملہ کیا ہے۔ ہم ایران پر کسی بھی حملے کا جواب دینے سے باز نہیں رہیں گے۔

پاسداران انقلاب کے مطابق ‏آپریشن بشارت فتح کی منظوری ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے دی۔ کوئی بھی دوبارہ حملہ مغربی ایشیا میں امریکی موجودگی کے خاتمے کو تیز کر دے گا۔ مستقبل کے حملے خطے میں امریکی فوجی انفراسٹرکچر اور صیہونی حکومت دونوں کے زوال کا باعث بن سکتے ہیں۔

ایران کی نیوز ایجنسی تسنیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فورسز نے عراق میں بھی امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے، تاہم امریکا کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے۔

مشرق وسطیٰ کشیدگی: امریکا، برطانیہ اور چین کی قطر میں اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت

ایران کی جانب سے قطر میں امریکی اڈے پر کیے گئے حملے سے قبل امریکا، برطانیہ اور چین نے اپنے شہریوں کو محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی تھی۔ جبکہ قطر نے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی سفارت خانے نے قطر میں مقیم اپنے شہریوں کو ای میلز کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ وہ تاحکم ثانی عوامی اجتماعات سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ یہ اقدام ایران کی ممکنہ جوابی کارروائی کے خدشے کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔

امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہدایت پر قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں سیکیورٹی کی صورتحال مستحکم ہے اور امریکی سفارت خانے نے کسی مخصوص خطرے کی نشاندہی نہیں کی۔

ماجد الانصاری نے مزید کہاکہ قطر اپنے شہریوں اور ملک میں مقیم تمام افراد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات لینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ادھر برطانوی حکومت نے بھی اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اسی طرح چین نے بھی اپنے سفارت خانے کے ذریعے قطر میں موجود چینی شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورت حال کے باعث یو اے ای اور بحرین نے اپنی فضائی حدود بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل بحرین میں سائرن بجنے کی آوازیں بھی سنائی دیں۔

قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے امریکی اڈے پر داغے گئے میزائلوں کے باعث کوئی نقصان نہیں ہوا۔

’قطر نے بدلہ لینے کا اعلان کردیا‘

قطر نے امریکی اڈے پر ایرانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کا کہنا ہے کہ العدید بیس پر حملہ قطر کی خودمختاری، فضائی حدود اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ریاست قطر میں بین الاقوامی قانون کے مطابق اس صریح جارحیت کا براہِ راست جواب دینے کا اپنا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ قطری فضائی دفاع نے حملے کو ناکام بناتے ہوئے ایرانی میزائلوں کا کامیابی سے مقابلہ کیا۔

یہ حملہ برادر ملک قطر کے خلاف نہیں ہے، ایران سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ حملہ برادر ملک قطر کے خلاف نہیں ہے۔

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کا کہنا ہے کہ العدید ایئر بیس پر میزائل حملہ قطر کے رہائشی علاقوں سے دور تھا۔

کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام سے دوست اور برادر ملک قطر اور اس کے معزز لوگوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران قطر کے ساتھ گرمجوشی اور تاریخی تعلقات کو برقرار رکھنے اور اسے جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

ایران نے امریکی اڈے پر حملوں کی پیشگی اطلاع قطر کو کردی تھی، نیویارک ٹائمز کا دعویٰ

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکی اڈے پر حملوں کی پیشگی اطلاع قطر کو کردی تھی۔

متحدہ عرب امارات نے فضائی حدود بند کردی

ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات  نے اپنی فضائی حدود بند کردی ہے۔

ایران کی جانب سے قطر پر حملوں کے بعد متحدہ عرب امارات کی ایئر اسپیس خالی ہونا شروع ہوگئیں جس کے بعد درجن بھر  پروازیں متبادل روٹس پر منتقل کردی گئیں۔

سعودی عرب کی ایران کے قطر پر حملے کی مذمت، مکمل یکجہتی کا اعلان

سعودی عرب نے ایران کی جانب سے قطر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے مکمل یکجہتی کا اعلان کردیا۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایک سرکاری بیان میں ایران کی جانب سے قطر پر کیے گئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون اور حسنِ ہمسائیگی کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی جارحیت کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں اور اس کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔

سعودی عرب نے اپنے بیان میں ریاستِ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مملکت ہر ممکن طریقے سے قطر کی معاونت کے لیے تیار ہے اور قطر کی جانب سے کیے گئے ہر اقدام میں اس کا ساتھ دے گی۔

یہ بھی پڑھیں ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا آغاز کردیا، فوجی آپریشن کو کیا نام دیا گیا ہے؟

یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور متعدد خلیجی ریاستوں نے احتیاطی تدابیر کے تحت فضائی حدود بند کردی ہیں۔

ایران کی قطر کے خلاف جارحیت خود مختاری پر حملہ ہے، خلیج تعاون کونسل

خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے ایران کی جانب سے قطر کی سرزمین پر کیے گئے میزائل حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے اس اقدام کو قطر کی خودمختاری پر کھلی جارحیت اور خلیجی ممالک کے اجتماعی سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے زور دیا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کا تحفظ ایک ناقابلِ تقسیم ذمہ داری ہے، اور کونسل قطر کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔

البدیوی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیاکہ جب قطر اور دیگر خلیجی ممالک ایران پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کررہے ہیں اور جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، عین اسی وقت ایران نے قطر پر حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین، معاہدوں اور اقوام متحدہ کے اصولوں کی صریح خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیاکہ وہ اس غیر ذمہ دارانہ جارحیت کے خلاف اپنا کردار ادا کرے، اور خطے میں امن واستحکام کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے، تاکہ مزید کشیدگی سے بچا جا سکے اور مذاکرات و سفارت کاری کی راہ ہموار ہو۔

متحدہ عرب امارات کی قطر پر ایرانی حملے کی مزمت

متحدہ عرب امارات نے بھی ایران کی جانب سے قطر کے العدید ایئربیس پر حملے کی مزمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایرانی حملہ قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی کھلی خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے قطر کے شہریوں اور رہائشیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ خطے میں فوجی کشیدگی کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی فوج نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل داغے ہیں۔ جس کی قطر کی جانب سے مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہم دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم کا قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے پر گہری تشویش کا اظہار

وزیراعظم شہباز شریف نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں قطری سفیر علی مبارک الخاطر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، وزیراعظم نے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے قطر کی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن بحال کرنےکی ضرورت پر زور دیا۔

قطری سفیر نے فوری رابطے اور یکجہتی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کی سعودی سفیر سے ٹیلیفون پر گفتگو، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر زور

وزیراعظم نے آج رات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ایران کے مبینہ میزائل حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ خطے میں امن قائم رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے۔ انہوں نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کے ساتھ مل کر امن کے لیے کوششیں تیز کرتا رہے گا۔

سعودی سفیر نے اس اہم پیش رفت پر فوری رابطے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعے کا پرامن حل یقینی بنانے کے لیے قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنا ہوگا۔

’امریکی صدر خلیج فارس میں مزید کسی فوجی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتے‘

امریکی ٹی وی سی این این نے کہا ہے کہ امریکی صدر خلیج فارس میں مزید کسی فوجی کارروائی کا ارادہ نہیں رکھتے۔

سی این این کے مطابق سینیئر امریکی سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ ایران کے قطر میں امریکی ایئربیس پر داغے گئے میزائل ہدف پر نہیں گرے، نہ ایرانی میزائل حملوں سے کوئی جانی نقصان ہوا ہے، میزائلوں کو راستے میں ہی روک لیا گیا۔

اہلکار کا کہنا ہے کہ ترمپ انتظامیہ کو ایران کی کارروائی کا اندازہ تھا، اس لیے امریکا نے قطر ایئربیس 3 روز قبل ہی خالی کردیا تھا، ایران نے 2020 میں بھی اسی طرح کا ردعمل ظاہر کیا تھا، جب امریکا نے ایرانی جنرل قاسم سیلیمانی کو فضائی حملے میں ہلاک کیا تھا۔

 امریکی اہلکار کا مزید کہنا ہے کہ اگر ضروری ہوا تو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کشیدگی بڑھانے پر تیار ہیں، صدر ٹرمپ قومی سلامتی کے حکام سے بھی بات چیت کریں گے جس کے بعد ان کے خیالات تبدیل بھی ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ قطر میں امریکی ایئربیسز پر حملے سے آگاہ ہیں، وائٹ ہاؤس اور امریکی محکمہ دفاع صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے۔

پی آئی اے نے پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ کردیا

ایران کی جانب سے قطر میں امریکی ائیر بیس پر  حملوں کے بعد قومی ائیرلائن نے پاکستان سے قطر، بحرین، کویت اور دبئی کا فضائی آپریشن منسوخ کردیا۔

ترجمان نے بتایا کہ پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ خلیجی ممالک میں جنگی صورتحال کے باعث کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ حالات معمول میں آنے کے بعد قومی ائیرلائن کی پروازیں دوبارہ شروع کردی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp