جن کے دور میں کشمیر کی حیثیت بدلی وہ کس منہ سے بلاول بھٹو پر تنقید کر رہے ہیں : شیری رحمان

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ جن کے دور اقتدار میں کشمیر کی حیثیت تبدیل کی گئی وہ کس منہ سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کر رہے ہیں؟۔ ان کا کہنا تھا شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن ایک کثیر الجہتی اور عالمی سفارتی فورم ہے، پاکستان ایسے علاقائی اور عالمی سفارتی فورمز کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ہم اس طرح کے فورمز کو بھارت کے لیے نہیں چھوڑ سکتے۔

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اپنے ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ ‏وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت جا کر شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن ممالک کے سامنے پاکستان کا موقف پیش کیا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا وزیر خارجہ شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن اجلاس میں شرکت کے لیے گئے تھے، یہ دو طرفہ دورہ نہیں تھا، نا ہی پاکستان کو بھارت سے کوئی توقعات تھیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کا مقدمہ لڑا اور بھارت کو آئینہ دکھایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‏پاکستان کے وزیر خارجہ کی شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن میں شرکت پر بی جے پی حکومت اور تحریک انصاف کو سب سے زیادہ تکلیف ہوئی ہے۔ مودی حکومت اور تحریک انصاف ایک پیج پر نظر آئے۔ بھارتی وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی رہنمائوں کے بیانات ان کی بوکھلاہٹ اور مایوسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp