پاکستان ریلویز کا 348 اسٹیشنز پر ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام متعارف کرانے کا اعلان

جمعرات 26 جون 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کی زیر صدارت پاکستان ریلویز اور الائیڈ بینک لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی، اس معاہدے کے تحت پاکستان ریلویز کے 348 ریلوے اسٹیشنوں پر جدید پوائنٹ آف سیل سسٹمز نصب کیے جائیں گے، جن کا مقصد ٹکٹنگ، ادائیگی اور مالیاتی امور کو جدید، شفاف اور خودکار بنانا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ہم وزیرِاعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق پاکستان ریلوے کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کرنے جا رہے ہیں۔ اے بی ایل بینک اور پاکستان ریلویز ایک ٹیم کی طرح مل کر کام کر رہے ہیں اور ہمارا ہدف پاکستان کو ایک جدید، خودمختار اور ترقی یافتہ ریاست بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سے روس کے لیے 22جون سے ٹرین سروس شروع کی جائے گی،حنیف عباسی

’یہ منصوبہ آئندہ 60 دنوں میں مکمل کیا جائے گا اور ہم اسے پوری سنجیدگی اور لگن سے پایۂ تکمیل تک پہنچائیں گے، اب مسافر کریڈٹ یا ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے نہ صرف ٹکٹ خرید سکیں گے بلکہ دیگر ریلوے خدمات کی بھی آسانی سے ادائیگی کر سکیں گے، جس سے نقدی پر انحصار کم ہو جائے گا۔‘

وزیر ریلوے کے مطابق پوائنٹ آف سیل سسٹمز کی بدولت قطاروں اور دستی کام میں کمی آئے گی اور تجارتی لین دین تیز تر اور مؤثر ہو گا، جو نہ صرف صارفین کے لیے سہولت کا باعث ہوگا بلکہ پاکستان ریلویز کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد دے گا۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ریلوے آمدنی کی اصل وقت میں نگرانی ممکن ہو سکے گی، جو شفافیت اور جوابدہی کے فروغ میں اہم سنگِ میل ہے۔ اس کے ساتھ ہی، پوائنٹ آف سسٹمز کی بدولت مالی دھوکہ دہی، چوری اور حساب کتاب کی غلطیوں کے امکانات بھی نمایاں طور پر کم ہوں گے۔

مزید پڑھیں: وزیر ریلوے حنیف عباسی کا پاک سعودی تجارتی تعلقات بڑھانے پر زور

انہوں نے کہا کہ الائیڈ بینک لمیٹڈ کی مرچنٹ سروسز کے تحت ریلوے اسٹیشنوں پر موجود فوڈ اسٹالز اور دیگر چھوٹے دکاندار بھی ڈیجیٹل ادائیگیوں کو قبول کر سکیں گے، جس سے چھوٹے کاروبار رسمی مالی نظام میں شامل ہوں گے اور انہیں بینکنگ سہولیات تک رسائی حاصل ہو گی۔ یہ اقدام مالی شمولیت کے فروغ، کیش لیس معیشت کی ترویج اور نچلی سطح پر ڈیجیٹل کلچر کو فروغ دینے کی جانب ایک مؤثر قدم ہے۔

’یہ اقدام حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کی طرف ایک عملی قدم ہے، جو نہ صرف عوامی سہولتوں میں اضافے کا باعث بنے گا بلکہ ملکی معیشت کو بھی جدید مالیاتی نظام سے ہم آہنگ کرے گا۔‘

تقریب میں پاکستان ریلویز کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی، جن میں چیئرمین پاکستان ریلویز سید مظہر علی شاہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر  عامر بلوچ، اور ڈی ایس راولپنڈی نورالدین شامل تھے، جبکہ تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس ویڈیو لنک کے ذریعے آن لائن شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp