وزیر ریلوے حنیف عباسی کا پاک سعودی تجارتی تعلقات بڑھانے پر زور

پیر 26 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تعلق ایک عظیم بھائی چارے اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہے، سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مزدوروں کی ریمیٹنس پاکستان کی معیشت کا اہم حصہ ہے۔

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے ملاقات میں وزیر ریلوے حنیف عباسی نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی تعلقات کو مضبوط اور دو طرفہ تعاون اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی ریلوے نے حجاج کرام کے لیے سفری انتظامات مکمل کر لیے

وزیر ریلوے نے سعودی عرب کے ساتھ ریلوے شعبے میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، مذہبی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مزدوروں کی ریمیٹنس پاکستان کی معیشت کا اہم حصہ ہے۔

وزیر ریلوے نے ریلوے سیکٹر میں تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات بڑھانے پر زور دیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: ترقی کے سفر میں ایک قدم آگے، سعودی عرب ہائیڈروجن ٹرین چلانے کے لیے تیار

ملاقات میں دونوں ملکوں کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی گئی، حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پاکستان کا کلیدی شراکت دار ہے، تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانا ضروری ہے، انہوں نے پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کو سراہا۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ ہر شعبے میں قریبی تعاون چاہتا ہے، سعودی سفیر نے پاکستان کی ترقی اور دوطرفہ تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp