پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر اور پنجابی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کی نئی فلم ’سردار جی 3‘ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے جبکہ بھارت میں اس فلم پر پابندی عائد ہے۔
بھارت میں دلجیت دوسانجھ اور فلم میں شامل دیگر بھارتی اداکاروں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور ان کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہاہے جبکہ ہانیہ عامر کی فلم کو پاکستانی اداکار اور مداح کھل کر سپورٹ کر رہے ہیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و ہدایتکار یاسر حسین نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بجائے انڈیا جانے کے یہ لڑکی گلشن گروور، نیرو باجوہ اور دلجیت دوسانجھ کو پاکستان لے آئی ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’چلیں پڑوسیوں کو پاکستانی اسٹائل میں خوش آمدید کہتے ہیں‘۔
ایک صارف نے لکھا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جو بھی اس فلم کو دیکھے وہ گرم چائے کے ایک کپ کے ساتھ فلم سے لطف اندوز ہو۔ جبکہ ایک صارف نے کہا کہ ’مائنس انڈیا فارمولا کام کر گیا‘۔
واضح رہے کہ سردار جی 3 کو آج 27 جون کو ریلیز کیا جا رہا ہے تاہم بھارت میں اس فلم کی ریلیز نہیں ہوگی۔ یہ ایک کامیڈی فلم ہے جس میں دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کو بھوتوں کا پیچھا کرتے دکھایا گیا ہے۔
ایک انٹرویو میں دلجیت دوسانجھ نے کہا کہ جب انہوں نے یہ فلم سائن کی تب بھارت اور پاکستان کے درمیان حالات ٹھیک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد بہت سی چیزیں ہوئیں جو ہمارے کنٹرول میں نہیں ہیں۔ جب پہلگام حملہ ہوا تو پروڈیوسرز کو معلوم تھا کہ اب یہ فلم بھارت میں ریلیز نہیں ہو سکتی۔ لیکن انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ یہ فلم بیرونِ ملک ریلیز کریں گے کیونکہ انہوں نے اس پر بہت پیسہ لگایا ہے۔