عالمی شہرت یافتہ پیس واکر کھرلزادہ کثرت رائے نے کہا ہےکہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کیا جائے تاکہ ایشیائی امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
اے پی پی کے مطابق کھرلزادہ کثرت رائے نے یورپین یونین پارلیمنٹ برسلز پہنچنے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین سمیت دنیا بھر میں موجود متنازع علاقوں کے لیے ایک ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا جائے جو تمام متعلقہ فریقین کو ایک میز پر لاٸے اور پرامن بات چیت سے ان کے حل تلاش کرے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک یا خطہ میں طرح طرح کے لوگ پائے جاتے ہیں جو اپنے اپنے جذبات کا اظہار مختلف انداز میں کرتے رہتے ہیں لیکن ان میں سے کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جو دوسروں کے لیے وجہ اذیت بن جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اجتماعی سطح پر کچھ ایسے خصوصی قوانین بنائے جائیں جن کا مقصد آزادی رائے کی آڑ میں ایک خاص حد سے آگے بڑھنے والوں کا محاسبہ کرنا ہو تاکہ دنیا امن کا گہوارہ بن سکے اور آنے والی نسلیں ایک خوشحال زندگی جی سکیں۔