چیف جسٹس پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، قوم کے سڑکوں پر نکلنے کا وقت آ گیا: عمران خان

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام چیف جسٹس پاکستان اور عدلیہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے لاہور میں عمران خان کی زیر قیادت ریلی کا آغاز ہو گیا ہے جب کہ اس کے علاوہ دیگر شہریوں میں بھی ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

زمان پارک لاہور سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت عمران خان کررہے ہیں جو لکشمی چوک سے ہوتی ہوئی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔

قوم آج ایک مقصد کے لیے نکلی ہے: عمران خان

لکشمی چوک میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان میں قوم ایک مقصد کے لیے نکلی ہے۔ آج کا ہمارا مقصد قانون کی حکمرانی اور انصاف ہے جس کے لیے نکلے ہیں۔

 عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا آئین کہتا ہے کہ جب بھی اسمبلی تحلیل ہو جائے 90 روز میں الیکشن ہونا ہے۔ ہماری دو حکومتیں تحلیل ہوئیں مگر انتخابات نہیں کرائے گئے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر دو ایسی نگران حکومتیں لے کر آئے جنہوں نے الیکشن نہیں کرائے۔ انہوں نے ہر قسم کی سازش کی ہے کہ الیکشن نہ ہوں حالانکہ سپریم کورٹ نے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کا حکم دے رکھا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر ہم نے ملک میں ایک ہی وقت میں انتخابات کے لیے مذاکرات کیے مگر حکمرانوں نے ہماری بات نہیں مانی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کے آئین کی کھلی خلاف ورزی ہوئی تو قوم چپ نہیں ہو گی۔ ہم ان کو پاکستان کا آئین توڑنے نہیں دیں گے ساری قوم پاکستان کے آئین کے ساتھ کھڑی ہے۔

چیف جسٹس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور یہ مافیا ججز کے خلاف بھی سازش کررہا ہے۔ اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہم پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات چاہتے ہیں۔ آج ملک میں 3 گنا مہنگائی ہے۔ لوگوں کی قوت خرید کم ہو رہی ہے جب کہ بیروزگاری بڑھنے کے باعث پاکستان دنیا میں ذلیل ہو رہا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کے ساتھ ہندوستان میں جو رویہ رکھا گیا وہ ہم سب کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔  بلاول بھٹو کو جانے سے پہلے کسی سے پوچھنا  چاہیے تھا اس کے غیر ملکی دوروں کا کوئی فائدہ نہیں ہو رہا۔

عمران خان نے کہا کہ میں ہندوستان کے وزیر خارجہ سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ میں کوئی تہذیب نہیں ہے۔ ملک میں بلا کر مہمان کو یوں ذلیل کرنا تکبر کی نشانی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت الیکشن کی ضرورت ہے تاکہ عوام کی حکومت بنے۔ پیسوں کے ذریعے حکومت بنانے والے جب تک ہیں ملک نیچے جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ نے ملک کو جو نقصان پہنچایا ہے کوئی اور نہیں پہنچا سکتا تھا۔ شہباز شریف برطانیہ کیا کرنے گیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ 2 روز پہلے 6 فوجی جوان شہید ہوئے جبکہ پارہ چنار میں 7 اساتذہ کو گولیاں مار دی گئیں۔ ایسے حالات میں شہباز شریف ملک سے باہر کیوں نکل گئے۔

پاکستان میں جو حالات ہیں قوم کے باہر نکلنے کا وقت آ گیا

انہوں ںے کہا کہ پاکستان میں جو حالات ہیں قوم کے باہر نکلنے کا وقت آ گیا ہے۔ مجھے دو دفعہ مارنے کی کوشش کی گئی جس کے پیچھے جنرل فیصل نصیر تھا۔ اعظم سواتی پر تشدد اور ارشد شریف کے قتل کے پیچھے بھی یہی تھا۔ بلاول کے کہنے پر جنرل باجوہ نے آئی ایس آئی کا کراچی میں سیکٹر کمانڈر تبدیل کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکلنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ سیاست نہیں ہو رہی بلکہ جہاد ہو رہا ہے۔

عمران خان کی زیر قیادت ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک

عمران خان کی زیر قیادت ریلی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

لاہور میں ہونے والی ریلی میں تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب، مسرت جمشید چیمہ، یاسمین راشد، زبیر نیازی، فیصل جاوید اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید بھی شامل ہیں۔

لاہور کے علاوہ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنان ریلیاں نکالنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔

عمران خان نے ریلی کے آغاز سے قبل اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عوام چیف جسٹس پاکستان اور سپریم کورٹ کےساتھ اظہار یکجہتی کے لیے باہر نکلیں۔

عمران خان نے کہا کہ اگر اس ملک کا آئین ٹوٹ گیا تو کچھ نہیں بچے گا۔ اور اس صورت میں ہمارے بچوں کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp