کراچی میں پاکستان نیول اکیڈمی پی این ایس رہبر میں ہفتے کے روز ایک شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 123ویں مڈشپ مین کورس اور 31ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی کامیاب تکمیل پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے، جنہیں پاک بحریہ کے چاق وچوبنددستے نے سلامی دی، پاکستان بحریہ کے کیڈٹس نے پریڈ کے دوران فیلڈ مارشل کو سلامی پیش کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نیول کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے، پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹ عبدالرحمان نے اعزازی شمشیرحاصل کی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب کے دوران موسم انتہائی خوشگوار رہا اور ہلکی بارش بھی ہوتی رہی، تقریب میں پاکستان نیوی کے اعلیٰ افسران، فارغ التحصیل کیڈٹس کے اہل خانہ اور دیگر معزز مہمانوں نے بھی شرکت کی۔