کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پشاور کے نواحی علاقے شمشتو ارمڑ میں ایک اہم کارروائی کے دوران دہشتگردی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے خودکش حملہ آور اور اس کے سہولت کار کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب اطلاع ملی کہ کالعدم تنظیم فتنہ الخوارج کا ایک افغان خودکش حملہ آور اپنے سہولت کار کے ہمراہ شہر میں دہشتگردی کی نیت سے موجود ہے۔ اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا، جس کے دوران مقابلہ ہوا اور دونوں دہشتگرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا خودکش حملہ آور کالعدم تنظیم کا رکن تھا اور پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور جدید اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، جو کسی بڑی تباہی کا سبب بن سکتا تھا۔
دوسری جانب آج ہی بلوچستان کے ضلع دُکی میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان نامی کالعدم تنظیم کے دو دہشتگردوں کو ہلاک اور 2 کو گرفتار کر لیا۔