اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کی عدلیہ سے اظہار یکجہتی ریلی میں شریک کارکنان کی بڑی تعداد کو گرفتار کرلیا ہے جن میں خواتین بھی شامل ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی کال پر ملک بھر میں سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی ریلیاں نکالی گئیں، اس دوران مرد و خواتین کارکنان سمیت عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اسلام آباد پولیس نے ایف 9 پارک اسلام آباد کے باہر سے پی ٹی آئی کارکنان کو گرفتار کرنا شروع کر دیا pic.twitter.com/hJY4grDJsD
— Idrees Abbasi (@idrees_abbaxi) May 6, 2023
اس موقع پر ایف نائن پارک کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی جب کہ پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ قیدی وین بھی ایف نائن پارک کے باہر موجود رہی۔
ایک موقع پر پولیس نے اچانک ایف نائن پارک کے باہر موجود پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں شروع کردیں، اس دوران 2 خواتین سمیت پی ٹی آئی کے 4 کارکنان کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے لاٹھی چارج کرکے جناح ایونیو کو خالی کرالیا، ایف نائن پارک کے باہر موجود کارکنان منتشر ہوگئے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز آئین اور سپریم کورٹ کی حمایت میں پی ٹی آئی نے ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالیں جبکہ عمران خان نے لاہور میں ریلی کی قیادت کی۔
ریلیوں میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پلے کارڈز اٹھا کر احتجاجی مظاہرے کیے اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیا۔ شرکا نے عدلیہ کے حق میں نعرے بازی کی جب کہ پی ڈی ایم حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔