مردان: پی ٹی آئی کی ریلی میں مبینہ طور پر گستاخانہ تقریر پر ایک شخص قتل

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے علاقے مردان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے نکالی گئی ریلی میں مبینہ طور پر گستاخانہ تقریر کرنے پر ایک شخص کو تشدد کرکے قتل کر دیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مردان نجیب الرحمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے وی نیوز کو بتایا کہ واقعہ تحصیل کاٹلنگ کے علاقے ساولڈھیرو میں پیش آیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی احتجاجی ریلی تھی جس میں کافی بڑی تعداد میں لوگ شامل تھے۔

نجیب الرحمان کا کہنا تھا کہ جلسے کے دوران مقامی مولوی جو عامل بھی تھا نے بھی تقریر کی اور اس دوران تحریک انصاف کے مقامی رہنما کی تعریف کی۔

مبینہ طور پر گستاخی کے باعث لوگ مشتعل ہوئے: ڈی پی او مردان

ڈی پی او نے بتایا کہ تقریر کے دوران مقامی مولوی نے مبینہ طور پر رسول پاکؐ کی گستاخی کی جس پر ریلی میں شریک لوگ مشتعل ہو گئے اور انھیں اسٹیج سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔

ان کے مطابق پولیس وہاں پر موجود تھی جس نے صورت حال کو کنڑول کرنے کی کوشش کی اور اس شخص کو زخمی حالت میں پہلے ایک جگہ پھر دوسری جگہ منتقل کیا۔

نجیب الرحمان نے وی نیوز کو بتایا کہ اس دوران لوگوں کی تعداد بڑھنے لگی اور فون پر بات پھیلنے سے اور لوگ بھی پہنچنے لگے۔

انھوں نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے مبینہ گستاخ کو محفوظ مقام سے نکال کرمزید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ مشتعل افراد لاش کو مسخ کرنا چاہتے تھے لیکن پولیس نے روک دیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق لاش کو پولیس نے تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا ہے جس کے بعد قانونی کارروائی ہو گی۔

پولیس نے مبینہ گستاخ کی شناخت نگار عالم کے نام سے کی ہے جو مولوی اور عامل کے طور پر جانے جاتے تھے۔

ڈی پی او نجیب الرحمان نے بتایا کہ مبینہ طور پر گستاخی کرنے والا شخص آج ہی پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم علاقے میں صورت حال کنٹرول میں ہے۔ پولیس قانونی کارروائی کر رہی ہے جبکہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد مزید کارروائی ہو گی۔

پولیس کی جانب سے ابتدائی رپورٹ کے مطابق واقعے کے دوران 1800 سے 1900 افراد جمع تھے جو مشتعل ہوئے۔

یاد رہے کہ اپریل 2017 کو مردان میں مبینہ گستاخی پر عبدالولی خان یونیورسٹی میں طلبا نے مشتعل ہو کر ساتھی طالب علم مشال خان کو تشدد کرکے قتل کیا تھا۔

سیاسی جلسوں کو سیاسی بیانات تک محدود رکھنا چاہیے:نگران وزیراعلیٰ

نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساول ڈھیر واقعہ افسوس ناک ہے۔ سیاسی جلسوں کو سیاسی بیانات تک ہی محدود رکھنا چاہیے۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات کو مذہبی رنگ دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ عوام قانون کو ہاتھ میں لینےسے گریز کریں۔ ایسے معاملات میں قانون کو اپنا راستہ اپنانے دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں صبر و تحمل کی اشد ضرورت ہے۔ ساول ڈھیر واقعے کے تناظر میں علما کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اعظم خان کا کہنا تھا کہ علما کرام آگے بڑھ کر امن و امان کی فضا اور مذہبی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp