پاکستان اور چین کا پُر امن اور خوشحال افغانستان کے لیے مل کر کام کرنے پر زور

ہفتہ 6 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر چین کے اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ چِن گانگ نے 5 سے 6 مئی تک پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے ہفتے کو اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کی سطح پر پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے چوتھے دور میں سیاسی، اسٹریٹجک، اقتصادی، دفاعی، سلامتی، تعلیم اور ثقافتی شعبوں سمیت دو طرفہ تعلقات اور تعاون کے تمام دائرہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اسٹیٹ کونسلر چِن گانگ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے تناظر میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاک چین دوستی ایک تاریخی حقیقت ہے، فریقین نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر اپنی مستقل حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے ون چائنا پالیسی کے ساتھ ساتھ تائیوان، سنکیانگ، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین سمیت قومی مفاد کے تمام بنیادی مسائل پر چین کی مضبوط حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں فریقین نے 2023 میں سی پیک کی ایک دُہائی کی تکمیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹوکی ایک روشن مثال کے طور پر سراہا جبکہ سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فریقین نے سی پیک منصوبوں کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا۔

اعلامیہ کے مطابق تعاون کے اہم شعبوں بشمول زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور قابل تجدید توانائی کے ساتھ ساتھ کراچی سرکلر ریلوے کو فعال طور پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، دونوں ملکوں نے گوادر میں فرینڈ شپ اسپتال اور نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این جی آئی اے) سمیت مختلف منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ گوادر کو اعلیٰ معیار کی بندرگاہ اور علاقائی تجارت اور رابطوں کا مرکز بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

مشرکہ اعلامیہ کے مطابق دہشت گردی کی تمام اشکال سے نمٹنے کے عزم کا پختہ اعادہ کیا گیا جبکہ چین نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔

پاکستان اور چین نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ ایک پرامن، مستحکم، خوشحال اور متحد افغانستان کے لیے مل کر کام کریں۔

اعلامیہ میں پاکستان اور چین نے بین الاقوامی برادری کی طرف سے افغانستان کو مسلسل امداد اور مدد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں افغانستان کے بیرون ملک موجود مالیاتی اثاثوں کو غیر منجمد کرنا بھی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp