سوشل میڈیا پر اپر دیر کے نوجوان اور ایک امریکی خاتون کے درمیان شروع ہونے والی دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی، جس کے بعد 47 سالہ امریکی خاتون طویل سفر طے کرکے اپر دیر پہنچ گئیں۔
اپر دیر کے نواحی علاقے صدیقہ بانڈہ عشیرئی درہ، جو دیر شہر سے مشرق کی سمت قریباً 50 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے، سے تعلق رکھنے والے نوجوان ساجد کی سوشل میڈیا پر امریکی خاتون سے تین سال قبل دوستی ہوئی تھی، وقت گزرنے کے ساتھ دونوں میں قریبی تعلق قائم ہوا اور یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔
ذرائع کے مطابق امریکی خاتون گزشتہ روز ساجد سے ملاقات کے لیے دیر بالا پہنچ گئیں، تاہم ان کی آمد کو انتہائی خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ ساجد کے خاندانی ذرائع نے بتایا ہے کہ راسموسن کی آج عشیرئی درہ آمد متوقع ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ساجد زیب، تارپتار بازار میں ایک میڈیکل اسٹور چلاتا ہے اور وہ گزشتہ تین برس سے امریکی خاتون کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں ہے۔ ان کے درمیان قریبی تعلق کی خبریں علاقے میں زیرِ بحث رہ چکی ہیں۔
ادھر جبر پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس معاملے سے آگاہ ہے اور امریکی خاتون کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ امریکی خاتون کے پاس پاکستان کا 90 روزہ وزٹ ویزا موجود ہے، تاہم وہ تاحال ساجد کے آبائی گاؤں نہیں پہنچی ہیں اور ان کی نقل و حرکت کو جان بوجھ کر خفیہ رکھا جا رہا ہے۔
خاتون کی آمد اور ممکنہ شادی کے بارے میں علاقے میں چہ مگوئیاں زور پکڑتی جا رہی ہیں، جب کہ بعض حلقوں میں اس واقعے کو سوشل میڈیا تعلقات کے نئے رجحان کی ایک نمایاں مثال کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔ مزید جانیے سیّد زاہد جان کی اس رپورٹ میں۔