پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ لاہور میں واقع جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام تبدیل کرنے کی کوئی تجویز حکومت کے زیر غور نہیں، اور اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو انہوں نے یکسر مسترد کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہاکہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا نام تبدیل کرنے کا کوئی منصوبہ یا تجویز زیر غور نہیں، اور اس کا نام وہی رہے گا جو پہلے سے موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام تبدیل، مریم نواز کے نام سے منسوب کردیا گیا
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ مالی سال 26-2025 کے لیے پنجاب حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کے لیے فنڈنگ بھی ’جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی‘ کے نام سے ہی مختص کی گئی ہے۔
سینیئر وزیر کا کہنا تھا کہ امراضِ قلب اور دیگر بیماریوں کے عالمی معیار کے جدید علاج کے لیے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ میں 14 نئے اسپتال قائم کیے جائیں گے، جن کی ماسٹر پلاننگ اب تکمیل کے قریب ہے۔
مریم اورنگزیب نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے نام کی تبدیلی سے متعلق زیر گردش خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی خبر کو نشر یا شیئر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق ضرور کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: شریف خاندان کے نام سے پنجاب میں کتنے منصوبے شروع کیے گئے ہیں؟
واضح رہے کہ میڈیا پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پنجاب حکومت نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا نام تبدیل کرکے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام پر رکھ دیا ہے، جس پر عوام کی جانب سے اس فیصلے پر شدید تنقید کی گئی تھی۔