بھارتی میڈیا سے لگتا ہے بلاول بھٹو کا دورہ بھارت کامیاب ترین رہا، علامہ طاہر اشرفی

اتوار 7 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں مسئلہ کشمیر بہترین انداز میں اجاگر کیا، بھارتی وزیر خارجہ اور ان کے میڈیا کی ہرزہ سرائی سے لگتا ہے کہ بلاول بھٹو کا دورہ بھارت کامیاب ترین رہا ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ کاکول اکیڈمی میں کشمیر کے حوالے سے آرمی چیف کا بیان اور بلاول بھٹو زرداری کا بھارت میں بیان کردہ مؤقف ہی پوری پاکستانی قوم کا مؤقف ہے۔ یہ ریاست پاکستان کا مؤقف ہے کہ کشمیر کا مسئلہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں۔

’بڑے دکھ سے کہنا پڑ رہا ہے کہ جہاں پر بھارت کی بی جے پی اور آر ایس ایس بلاول بھٹو زرداری کے خلاف مکروہ مہم چلا رہے ہیں وہی پاکستان کے کچھ زعما نے بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔‘

طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک طرف کہہ رہے ہیں بھارتی وزیر خارجہ کو شرم نہیں آتی کہ ان کو میزبانی کے ضابطے نہیں آتے۔ دوسری طرف عمران خان خود بلاول پر تنقید کر رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے جس انداز سے کشمیر پر بات کی ہےاس پر بھارتی میڈیا تلملایا ہوا ہے ۔

علامہ طاہر اشرفی کے مطابق دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ اقلیتوں پر مظالم بھارت میں ہو رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو رمضان المبارک میں تراویح اور نماز نہیں پڑھنے دی گئی۔

علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ دینی امور کو سیاست میں نہیں لانا چاہیے۔عمران خان جب وزیر اعظم تھے تو ان کو مشورہ دیا تھا کہ جب آپ دین کے بارے میں کوئی بات کرنا چاہیں تو کسی عالم دین سے مشورہ کر لیا کریں۔

’اب بھی میں عمران خان کے پیروکاروں کو کہنا چاہتا ہوں کہ دین کو دین رہنے دیں ، دین کے تقدس کو پامال نہ کریں اور مقدس ہستیوں کے بارے میں بات کرنے سے اجتناب کریں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اپنے لوگوں نے اس کارکن کو ابھارا جس کو ہجوم نے مارا ہے۔ اس کارکن کو پولیس پکڑتی، اس پر کیس چلتا اور عدالت اس کے بارے میں فیصلہ کرتی لیکن پولیس بے بس نظر آئی۔

’لہذا ہم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آپ دین کی بات ضرور کریں لیکن دین کے حوالے سے وہ اپنا مطالعہ درست کروا لیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp