ہنڈائی نے اپنی مسافر اور تجارتی گاڑیوں کی تمام ویریئنٹس کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ اضافہ پاکستان کے مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں کی گئی مالیاتی تبدیلیوں کے باعث کیا گیا ہے۔
ہنڈائی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق قیمتوں میں اضافے کا اطلاق فوراً ہو چکا ہے، کمپنی نے اپنی تجارتی گاڑیوں کی معروف سیریز ’پورٹر‘ کی تمام اقسام کی قیمتوں میں یکساں اضافہ کر دیا ہے۔
کمپنی کے اعلامیے کے مطابق پورٹر ڈیک لیس، فلیٹ-ڈیک اور ہائی-ڈیک ماڈلز کی قیمت میں 46 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی نئی قیمتیں بالترتیب 43 لاکھ 45 ہزار، 43 لاکھ 65 ہزار اور 43 لاکھ 85 ہزار روپے ہو گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایم جی موٹرز کا صارفین کو بڑا ریلیف: ایم جی ایچ ایس ٹرافی کی قیمت برقرار
یہی اضافہ ان ماڈلز کے اُن ویریئنٹس میں بھی کیا گیا ہے جو ایئر کنڈیشنر کے ساتھ آتے ہیں۔ چنانچہ اب پورٹر ڈیک لیس اے سی کے ساتھ 44 لاکھ 55 ہزار، فلیٹ-ڈیک اے سی کے ساتھ 44 لاکھ 75 ہزار، اور ہائی-ڈیک اے سی کے ساتھ 44 لاکھ 95 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گے۔
مسافر گاڑیوں کے زمرے میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، ایلانٹرا ہائبرڈ کی قیمت میں ایک لاکھ 95 ہزار ایک روپے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 98 لاکھ 95 ہزار روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح ٹوسان ہائبرڈ اسمارٹ کی قیمت میں 2 لاکھ 21 ہزار، جبکہ ٹوسان ہائبرڈ سگنیچر کی قیمت میں 2 لاکھ 41 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے اور ان کی نئی قیمتیں بالترتیب ایک کروڑ 12 لاکھ 20 ہزار اور ایک کروڑ 22 لاکھ 40 ہزار روپے ہو گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:کیا پاکستان میں اب پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی؟
سانتا فے ہائبرڈ اسمارٹ اب 13 لاکھ 25 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جس کی قیمت میں 2 لاکھ 60 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ سانتا فے ہائبرڈ سگنیچر کی قیمت میں 2 لاکھ 96 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 14 لاکھ 99 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
سوناٹا ماڈلز کی قیمتیں بھی خاطر خواہ حد تک بڑھا دی گئی ہیں, سوناٹا 2.0 کی قیمت میں 3 لاکھ ایک ہزار، سوناٹا 2.5 میں 3 لاکھ 40 ہزار روپے، اور سوناٹا این لائن میں سب سے زیادہ یعنی 6 لاکھ 31 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد سوناٹا این لائن کی نئی قیمت 1 کروڑ 65 لاکھ 21 ہزار روپے ہو چکی ہے۔