کیا پاکستان میں اب پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگی؟

اتوار 5 مئی 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں ویسے تو ہر چیز کی قیمت وقت کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہی رہتی ہے اور یہی صورتحال گاڑیوں کے معاملے میں بھی گزشتہ چند برسوں سے رہی ہے، لیکن پچھلے چند مہینوں میں سوزوکی، ٹویوٹا، ہنڈا سمیت مختلف کمپنیوں کی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے بعد اب عوام کے ذہن میں یہ سوال گردش کررہا ہے کہ کیا اب قیمتیں پہلے کی طرح قوت خرید میں آجائیں گی؟ اس کے علاوہ یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے کہ کیا پرانی گاڑیوں کی قیمتیں بھی کم ہوں گی؟

ان سوالات کے جوابات جاننے کے لیے وی نیوز نے چند ماہرین سے رابطہ کیا، تاکہ گاڑیوں کی قیمتوں کے حوالے سے عوام میں پائی گئی تشویش کے متعلق جان سکیں۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین ایم اکبر شہزاد نے کہاکہ کچھ عرصے میں پاکستان میں جتنی بھی گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اس کی وجہ گاڑیوں کی فروخت میں کمی تھی۔ ’ان کمپنیوں نے چھوٹی گاڑیوں کی قیمتیں کم نہیں کی کیونکہ چھوٹی گاڑیاں عوام مشکل سے ہی سہی لیکن خرید رہے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان میں تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہونی چاہیے اور کمپنیوں کو یہ کمی کرنا پڑے گی، کیونکہ اس کے علاوہ ان کے پاس کوئی حل نہیں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ جن نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے انہی پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔ ’جیسے اسٹونک اور دیگر گاڑیاں ہیں جو پچھلے کچھ ٹائم سے سیل پر لگائی گئی ہیں، ان تمام ایک سے 2 سال تک چلی ہوئی گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں گی، تاہم اس کے علاوہ کسی پرانی گاڑی کی قیمت میں کمی متوقع نہیں ہے‘۔

پاکستان میں کس صورت میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہوسکتی ہے؟

ایم اکبر شہزاد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں جتنا اضافہ ہوچکا ہے، اس حساب سے اب پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی اسی صورت میں ہوسکتی ہے کہ یہاں مینوفیکچرنگ شروع ہو جائے۔

انہوں نے کہاکہ ’میڈ ان پاکستان‘ گاڑی ہو، پاکستان میں آٹو انڈسٹری لوکلائزیشن کی جانب بڑھے تو ہی پاکستان میں آٹو انڈسٹری فروغ پا سکتی ہے اور گاڑی بھی اسی صورت میں سستی مل سکتی ہے۔ ورنہ پاکستان میں اس وقت گاڑیاں قوت خرید میں نہیں ہیں۔

کیا آنے والے وقت میں گاڑی ہر کسی کی قوت خرید میں ہوگی؟

پاک وہیلز کے چیف ایگزیکٹیو سنیل منج نے وی نیوز سے بات کرتے ہوئے استعمال شدہ گاڑیوں کی قیمتوں کے متعلق بتایا کہ پاکستان میں ابھی جن گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے یہ مجموعی طور پر مارکیٹ پر اثر انداز ضرور ہوگی، جس کا پرانی گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی اثر پڑےگا۔ لیکن قیمتیں اتنی بھی متاثر نہیں ہوں گی کہ یہ کہا جائے کہ گاڑیاں سستی ہونے والی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گاڑیوں کی قیمتیں اتنی زیادہ بڑھ چکی ہیں کہ اس کمی کے باوجود عام شخص گاڑی نہیں خرید سکتا۔ اور نہ ہی ابھی آٹو انڈسٹری اس پوزیشن میں نظر آرہی ہے کہ کہا جا سکے کہ آنے والے وقت میں گاڑی ہر کسی کی قوت خرید میں ہوگی۔

گاڑیوں کی زیادہ قیمت کی وجہ سے فروخت پر کتنا اثر پڑا؟

کار شو روم کے مالک فاروق پٹیل نے بات کرتے ہوئے کہاکہ پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کا امکان فی الحال نہیں ہے کیونکہ صرف کچھ نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ جیسے اسٹونک گاڑی کی قیمت 15 لاکھ روپے کم ہوئی، اس کے علاوہ چنگن نے اپنی گاڑی کی قیمت میں جو کمی کی ہے اس کا بھی کوئی خاص فرق نہیں ہے، کیونکہ وہ گاڑی پہلے ہی 80 لاکھ روپے کی تھی۔

انہوں نے کہاکہ پاک سوزوکی نے کلٹس کی قیمت میں 5 لاکھ روپے کا اضافہ کیا تھا جو اب واپس لیا ہے۔ ’جب تک سوزوکی، ہنڈا اور ٹویوٹا کمپنیاں گاڑیوں کی قیمتوں میں اچھی خاصی کمی نہیں کرتیں اس وقت تک کام اچھا نہیں ہوگا اور یہی وجہ ہے اس وقت تک پرانی گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی جب تک نئی گاڑیوں کی قیمتوں میں مجموعی طور پر یہ کمپنیاں کمی نہیں کر دیتیں‘۔

انہوں نے کہاکہ گاڑیوں کی زیادہ قیمتوں کی وجہ سے کام بہت زیادہ متاثر ہوچکا ہے اور فروخت نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp