تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پارٹی کے لیے مفاہمت کو احتجاج سے بہتر قرار دے دیا۔
وہ آج راولپنڈی کی احتساب عدالت میں جنگلات اراضی ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے، جہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مزاحمت ہوتی ہے، پھر مفاہمت، اور مفاہمت ہی بہتر راستہ ہے۔
مزاحمت یا مذاکرات کا راستہ ؟ سوال
مزاحمت کے بعد پھر مذاکرات ہی ہوتے ہیں، چوہدری پرویز الہیٰ کا جواب۔۔۔!!! pic.twitter.com/gfUKGXJEDq
— Mughees Ali (@mugheesali81) July 9, 2025
پی ٹی آئی کے لیے مذاکرات بہتر ہیں یا احتجاج؟ پرویز الٰہی نے جواب دیا کہ مذاکرات سے حالات میں بہتری آ سکتی ہے۔ ’پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے مذاکرات کے لیے خط بھی لکھا گیا، تاہم اب تک اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: چوہدری پرویز الہی اور اہل خانہ کے نام پی سی ایل سے نکال دیے گئے
صدر مملکت آصف علی زرداری کو ہٹائے جانے اور 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر چوہدری پرویز الٰہی نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ سب پہلی مرتبہ سن رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی رہنماؤں کی جانب سے مذاکرات کی اپیل کو مسترد کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: احتساب عدالت لاہور نے پرویز الہی کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت ملتوی کردی
واضح رہے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی آج راولپنڈی کی احتساب کی خصوصی عدالت میں تخت پڑی جنگلات اراضی ریفرنس کی سماعت کے سلسلے میں پیش ہوئے، عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف پہلے ہی وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے تھے۔
خصوصی عدالت کے جج شیخ اعجاز علی نے کیس کی سماعت کی، آج چوہدری پرویز الہٰی کی پیشی کے موقع پر وکلا نے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست سمیت ان کی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی جمع کرا دی۔