پنجاب حکومت کے اسٹوڈنٹ کارڈ سے طلبہ کو کیا فائدہ ہوگا؟

بدھ 9 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کے لیے ایک نیا اقدام متعارف کروا رہی ہے جسے ’اسٹوڈنٹ کارڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ کارڈ متعدد سہولیات کا حامل ہوگا اور بیک وقت کئی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکے گا۔

اس اسٹوڈنٹ کارڈ کے ذریعے نہ صرف طلبہ کو ملکی اور بین الاقوامی جامعات میں اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی، بلکہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ یکساں طور پر اس سے استفادہ کر سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:شیر کے حملے میں زخمی افراد کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے امداد کا اعلان

اس نظام کے تحت طلبہ کا مکمل تعلیمی ریکارڈ اور پروفائل بھی اسی کارڈ کے ذریعے خودکار طور پر تیار ہوگا۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو اس کارڈ کے ذریعے خصوصی مراعات دی جائیں گی، جن میں میٹرو اور اورنج لائن ٹرین میں مفت سفر کی سہولت بھی شامل ہے۔

علاوہ ازیں اسٹوڈنٹس کو یونیفارمز سمیت مختلف اشیاء پر خصوصی ڈسکاؤنٹ بھی حاصل ہوگا۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر کے مطابق یہ کارڈ بظاہر تمام طلبہ کے لیے دستیاب ہوگا، تاہم ابتدائی مرحلے میں وہی طلبہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے جو ملکی یا غیر ملکی اسکالرشپ کے معیار پر پورا اتریں گے۔

تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سے مستفید ہوں، لہٰذا کارڈ کے معیار میں نرمی کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب: دوران ڈیوٹی نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی لگانے کا فیصلہ

وزیر تعلیم موصوف کے مطابق جن طلبہ کے نمبر مخصوص حد سے زیادہ ہوں گے، وہ خودکار طریقے سے اس کیٹیگری میں شامل ہو جائیں گے، اور انہیں کسی قسم کی درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ حکومت خود ان کے گھروں پر یہ کارڈ ارسال کرے گی۔

یہ پہلا موقع ہے کہ حکومت ایک ایسا پروگرام متعارف کرا رہی ہے جس میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ’ہونہار اسکالرشپ پروگرام‘ میں صرف دیگر صوبوں کے طلبہ کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر کے مطابق اسٹوڈنٹ کارڈ کی منظوری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پہلے ہی دے چکی ہیں، اور اب محکمہ تعلیم اس منصوبے کو حتمی شکل دے رہا ہے۔ اس کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا گیا ہے اور متعلقہ محکموں کی منظوری کے بعد اسے فوری طور پر نافذ کر دیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp