ایئرعربیہ کو پاکستان میں فضائی آپریشن میں توسیع کی اجازت مل گئی

جمعرات 10 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

متحدہ عرب امارات کی کم لاگت فضائی کمپنی ایئرعربیہ کو پاکستان میں اپنے فضائی آپریشنز کو وسعت دینے کی باقاعدہ اجازت مل گئی ہے، پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی کہ یہ اجازت حکومتِ پاکستان کی منظوری کے بعد دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ایئرعربیہ اب سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے ہفتہ وار 7 پروازیں چلائے گی، جن کا آغاز 17 جولائی 2025 سے ہوگا، اس کے علاوہ، ایئرلائن کو فیصل آباد اور ملتان کے لیے بھی ہفتہ وار مجموعی طور پر 10 پروازوں کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایئر عربیہ کی سپر سیٹ سیل کا آغاز، کم سے کم مالیت کا ٹکٹ کتنے کا؟

یہ پیش رفت پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی روابط کو مزید بہتر بنانے میں مدد دے گی، خصوصاً ان شہروں کے مسافروں کے لیے جہاں سے براہِ راست سفر کی سہولت محدود تھی، متحدہ عرب امارات میں مقیم بڑی پاکستانی برادری کے لیے یہ ایک خوش آئند خبر ہے، جو عام طور پر کم لاگت، باقاعدہ اور آسان پروازوں کی متلاشی رہتی ہے۔

ایئرعربیہ کا یہ فیصلہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان ہوائی سفر کی مانگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، خصوصاً گرمیوں کے مہینوں میں جب مسافروں کی تعداد معمول سے زیادہ ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:فلائی جناح اور ایئر عربیہ کے ایوی ایشن ٹریننگ وینچر کی منظوری

حکام کے مطابق، تمام نئی پروازوں کا آغاز موجودہ ہوابازی کے حفاظتی اور ضابطہ جاتی اصولوں کے تحت کیا جائے گا، ماہرین کے مطابق، اس توسیع سے دوطرفہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا، کیونکہ سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان پاکستان کے اہم صنعتی و کاروباری مراکز میں شمار ہوتے ہیں۔

ائیرعربیہ کی جانب سے اضافی پروازوں کی اجازت سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فضائی روابط مزید مستحکم ہوں گے، اس فیصلے سے نہ صرف مسافروں کو زیادہ سہولت حاصل ہوگی بلکہ ان شہروں سے بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں، خاص طور پر محنت کش طبقے کو کم کرایوں اور زیادہ آپشنز کی سہولت میسر آئے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp