اوپن اے آئی نے جلد ایک نیا اے آئی ویب براؤزر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جسے گوگل کروم کے متبادل کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
یہ نیا براؤزر ‘پرپلیکسٹی’ کے ‘کومٹ’ اور ‘دی براؤزر’ کے ‘آرک’ جیسے دیگر جدید براؤزرز کی طرز پر تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ویب براؤزنگ کے روایتی انداز کو بدلنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اوپن اے آئی کا براؤزر صارفین کو چیٹ جی پی ٹی کی طرح ایک ہی جگہ سوال کے جواب میں مطلوبہ نتائج فراہم کرے گا بجائے اس کے کہ انہیں کسی اور ویب سائٹ پر ری ڈائریکٹ کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیے: گوگل سے ٹکر، اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی ویب براؤزر لانچ کرنے کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق یہ براؤزر ممکنہ طور پر اوپن اے آئی کے ‘آپریٹر’ نامی ویب براؤزنگ اے آئی ایجنٹ کے ساتھ بھی مربوط ہوگا، جو صارفین کو زیادہ مؤثر طریقے سے ویب سرفنگ میں مدد فراہم کرے گا۔
ماضی میں بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اوپن اے آئی 2024 میں ایک مکمل براؤزر تیار کرنے کا ارادہ رکھتا تھا تاکہ گوگل کروم کی اجارہ داری کو توڑا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیے: وی پی این کی بندش، چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے وزارت داخلہ سے جواب طلب کرلیا
ماہرین کا ماننا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف صارف کے ڈیٹا تک براہ راست رسائی حاصل کرنا ہے بلکہ ایسا براؤزنگ تجربہ تخلیق کرنا بھی ہے جو گوگل جیسے درمیانی پلیٹ فارمز کے بغیر کام کرے۔