ان گرمیوں میں آپ بھی گرمی کی شدت کو دور کرنے کے لیے تازگی اور صحت بخش سونف کا شربت استعمال کریں۔
موسم گرما میں لوگ بازار سے خریدے گئے مختلف اقسام کے مصنوعی شربتوں کا استعمال کرتے ہیں جن سے ان کی صحت پر کسی قسم کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے اور ان شربتوں سے حاصل ہونے والی تازگی بھی صرف وقتی ہوتی ہے۔
سونف کا استعمال نہ صرف ہمارے خون کو صاف کرتا ہے بلکہ بینائی کو بہتر کرنے، وزن کم کرنے اور بلڈ پریشر کنٹرول کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔
سونف کا استعمال ہمارا ہاضمہ بہتر بناتا ہے اور ہمارے سانس سے آنے والی بدبو کو بھی ختم کرتا ہے۔
اس کے علاوہ سونف وزن کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوتے ہیں۔
تو آپ بھی ان گرمیوں میں سونف کے شربت کا استعمال کریں اور اس کے بے شمار طبی فوائد سے فائدہ اٹھائیں۔
سونف کا شربت بنانے کے لیے اجزا
سونف ۔۔۔۔۔ آدھا کپ
سبز الائچی ۔۔۔۔۔ 2 عدد
لونگ ۔۔۔۔۔ 2عدد
ثابت کالی مرچ۔۔۔۔۔5 سے6 عدد
تازہ پودینے کے پتے۔۔۔۔۔15 سے 16
کالا نمک ۔۔۔۔۔ حسب ذائقہ
نمک ۔۔۔۔۔ حسب ذائقہ
کم کیلوریز والا میٹھا۔۔۔۔۔(سٹیویا)4کھانے کے چمچ
سونف کا پاؤڈر۔۔۔۔۔ 2چائے کے چمچ
آئس کیوبز۔۔۔۔۔ شربت کے مطابق
سونف کا شربت بنانے کا طریقہ
1۔ایک نان اسٹک پین گرم کر لیں۔ اب اس میں 3 کپ پانی، سبز الائچی، ثابت سونف، لونگ، کالی مرچیں ڈال کر مکس کر لیں اور 15سے 20منٹ تک درمیانی آنچ پر پکائیں۔
2۔اب اس مکچسر کو ایک نان اسٹک پین میں چھان لیں اور اس میں مٹھاس ڈال کر حل ہونے تک پکائیں۔ مٹھاس حل ہو جانے کے بعد پین کو آگ سے اتار لیں اور شربت کو مکمل طور پر ٹھنڈا ہونے دیں۔
3۔سونف کے تیار شدہ شربت کو ائیر ٹائٹ جار یا بوتل میں محفوظ کر لیں۔
ایک گلاس سونف کا شربت بنانےکا طریقہ
ایک گلاس میں آدھا کھانے کا چمچ سونف کا تیار شدہ شربت، پودینے کے تازہ پتے، نمک، کالا نمک، آدھا چائے کا چمچ بھونی ہوئی سونف کا پاؤڈر،ایک کپ پانی اور آئس کیوبز ڈال کر مکس کر لیں۔
آپ کا سونف کا شربت تیار ہے۔