کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع ایک فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی میت لے کر ان کے بھائی لاہور روانہ ہوگئے۔ اداکارہ کے بھائی نوید اصغر میت وصول کرنے کے لیے گزشتہ روز کراچی پہنچے تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوید اصغر کا کہنا تھا کہ ایک ماہ قبل پھپھو کا انتقال ہوا والدین صدمے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاثر دیا گیا کہ والدین بہن کو قبول نہیں کررہے جو افواہیں تھیں، ہم پہلے دن سے انتظامیہ اور پولیس سے رابطے میں ہیں۔ حمیرا اصغر کی تدفین لاہور میں کی جائے گی۔
اداکارہ کے بھائی کی میڈیا سے گفتگو
اداکارہ کے بھائی کے مطابق ان کا ایک سال سے حمیرا اصغر سے رابطہ منقطع تھا، والدہ کا 6 ماہ سے کوئی رابطہ نہیں ہوا تھا، ان کے انتقال کا سن کر ہم اچانک صدمے میں چلے گئے۔
نوید اصغرنے کہا کہ حمیرا نے اپنی محنت سے کامیابی حاصل کی، اپنی مرضی سے کراچی شفٹ ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ والد کی اجازت سے ہی کراچی آیا ہوں۔ بہن کے مکان میں سی سی ٹی وی کیمرے نہیں لگے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیے ماڈل حمیرا اصغر نے اپنی زندگی کیسے گزاری؟ پرانے دوست کے انکشافات
واضح رہے کہ اداکارہ حمیرا اصغر کی کئی ماہ پرانی لاش چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز VI میں ایک فلیٹ سے ملی تھی۔ پولیس کو یہ لاش اُس وقت ملی جب عدالتی حکم پر مکان مالک کی شکایت پر فلیٹ خالی کرانے کے لیے پولیس پہنچی، مگر فلیٹ کا دروازہ کھولنے پر کوئی جواب نہ ملا، جس کے بعد دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر لاش دریافت ہوئی۔
پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید کے مطابق لاش شدید حد تک گل چکی تھی اور اس قدر مسخ ہو چکی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ کا تعین ممکن نہیں تھا۔ تاہم، تفتیشی عمل بدستور جاری ہے۔