ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بیورلے سینٹر کے باہر ’کارکردگی‘ سے متعلق پوسٹ کیوں ڈیلیٹ کی؟

جمعہ 11 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ایک ٹویٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد کے پوش علاقے ایف سکس میں بیورلے سینٹر کے باہر ایک غریب خاتون کی ریڑھی ہٹا دی اور اس کی تصویر بھی پوسٹ کر دی۔

پوسٹ کی گئی تصویر میں پہلے اور بعد کا منظر دکھایا گیا تھا ایک تصویر میں دکھایا گیا کہ خاتون نے سڑک کے کنارے اپنی ریڑھی لگائی ہوئی ہے جس پر غباروں سمیت چند اشیاء بیچنے کے لیے رکھی ہیں جبکہ دوسری تصویر میں اس جگہ سے خاتون کی ریڑھی ہٹا دی گئی اور کیپشن میں لکھا کہ ’بیورلے سینٹر بلیو ایریا کے باہر‘۔

یہ پوسٹ وائرل ہوئی تو صارفین ڈی سی اسلام آباد کو تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کے بعد ڈی سی اسلام آباد نے پوسٹ ڈیلیٹ کر دی لیکن صارفین اس کا اسکرین شاٹ لے چکے تھے جو انہوں نے شیئر کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔

رضوان غلزئی نے لکھا کہ اسلام آباد میں ایک خاتون ریڑھی بان سے اس کا روزگار چھیننے سے پہلے اور بعد کی تصویر۔

مقدس فاروق اعوان لکھتی ہیں کہ ثابت ہوا کہ سی ایس ایس آپ کو انسانیت نہیں سکھا سکتا، شعور نہیں دے سکتا۔

اقرارالحسن نے لکھا کہ ڈی سی اسلام آباد کے اکاؤنٹ سے یہ اسکرین شاٹ میں نے خود نہ لیا ہوتا تو میں کبھی یقین نہ کرتا کہ انہوں نے ایک بوڑھی عورت کا اسٹال ہٹانے کی تصاویر اپنے کارنامے کے طور پر فخر کے ساتھ پوسٹ کی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں اشرافیہ روز اربوں کے غبن کرتی ہے وہاں قانون کا زور ان غریبوں پر ہی چلتا ہے۔ 

مہوش قمس خان نے سوال کیا کہ ڈی سی اسلام آباد صاحب اس میں فخر کی کیا بات ہے ؟

اسامہ زاہد نے طنزاً لکھا کہ ڈی سی اسلام آباد نے اسلام آباد بلیو ایریا میں بڑا قبضہ واگزار کروا لیا ہے پورے اسلام آباد میں جشن کا اہتمام ہونا چاہیے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ بزرگ خاتون کا روزگار چھین کر فخر؟

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp