پاکستان تحریکِ انصاف کے 26 اراکینِ پنجاب اسمبلی کی نااہلی کے باعث پیدا ہونے والے سیاسی بحران کو ختم کرنے کی کوشش کے طور پر پنجاب حکومت اور پی ٹی آئی آج اس معاملے پر بات چیت کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت اور اپوزیشن دونوں نے اس مسئلے پر مذاکرات کے لیے اپنی اپنی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں، یہ مذاکرات پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے اراکین کیخلاف اسپیکر کی جانب سے دائر کیے گئے نااہلی ریفرنس کے معاملے پر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی: 26 معطل ارکان کے خلاف نااہلی ریفرنسز، اسپیکر کی جانب سے ذاتی سماعت کا فیصلہ
مذاکراتی کمیٹیوں کا دوسرا اجلاس آج متوقع ہے، اگر یہ بات چیت کامیاب رہتی ہے تو اسپیکر ملک محمد احمد خان نااہلی کا ریفرنس واپس لینے پر آمادہ ہو سکتے ہیں۔
حکومتی وفد کی قیادت مجتبیٰ شجاع الرحمٰن کریں گے، جبکہ وفد میں سلمان رفیق، رانا ارشد، سمیع اللہ، احمد اقبال، علی حیدر گیلانی، شافے حسین اور شعیب صدیقی شامل ہوں گے، دوسری جانب اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم میں ملک احمد خان بھچر، علی امتیاز، شیخ امتیاز اور اعجاز شفیع شامل ہوں گے۔
مزید پڑھیں: گالیاں دینا جمہوریت نہیں جمہوریت دشمنی ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی، نعرے بازی، شور شرابے اور دستاویزات پھاڑنے کے واقعات کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے 26 پی ٹی آئی اراکینِ اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نااہلی کا ریفرنس دائر کیا تھا۔