طیاروں کی حفاظت کے لیے لاہور میں ’نو برڈ زونز‘ بنانے کا فیصلہ

اتوار 13 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے لاہور کے مختلف علاقوں کو ’نو برڈ زونز‘ قرار دیتے ہوئے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد پرندوں کے طیاروں سے ٹکراؤ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ممکنہ حادثات کی روک تھام ہے۔

یہ بھی پڑھیں:قومی ایئرلائن حادثے سے بچ گئی، پرندہ ٹکرانے سے انجن متاثر

ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن، وائلڈ لائف اور انوائرمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ ہوائی اڈوں کے اطراف ’رنگ فینسنگ‘ یعنی فضائی حفاظتی حصار قائم کیا جا سکے۔

اس ضمن میں غیر قانونی ذبحہ خانے، ماحولیاتی ضابطوں سے ہٹ کر قائم پولٹری فارمز اور بیکریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وائلڈ لائف فورس کو بھی فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے، جب کہ ہوائی اڈوں کے قریب ایسا کوئی کاروبار ممنوع قرار دیا گیا ہے جس سے پرندوں کے جمع ہونے کا خدشہ ہو۔

اس سلسلے میں جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق چمڑا رنگنے اور کھلے عام کھالیں دھونے جیسے کاموں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں کے قریب کچرا پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی، اور صرف ڈھکن والے کوڑے دانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:آذربائیجان کا چیچنیا جانے والا مسافر طیارہ تباہ، متعدد ہلاکتوں کا خدشہ

لاہور کے علاقے مشرقی بائی پاس، مناواں، اسپتال داہوری والا، پی کے ایل آئی، چونگی امر سدھو، اچھرہ اور چاہ میراں سمیت دیگر علاقوں سے آپریشن کا آغاز ہوگا۔

پرندوں کی افزائش اور پرواز کو روکنے کے لیے گھروں کی چھتوں پر دانہ ڈالنے، کبوتر پالنے یا اڑانے، درباروں اور عوامی مقامات پر پرندوں کو جمع کرنے سے منع کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے ٹیک آف، لینڈنگ اور کم اونچائی پر پرواز کے دوران پرندوں سے ٹکراؤ کے باعث حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ICAO) اور انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے مطابق 90 فیصد سے زائد فضائی حادثات 3 ہزار فٹ سے کم بلندی پر ہوتے ہیں۔

سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ تمام اقدامات فضائی سفر کو محفوظ بنانے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں ہوائی اڈوں کے گرد نو برڈ زونز بنائے جاتے ہیں اور پنجاب میں بھی اسی طرز پر رنگ فینسنگ کے ذریعے حادثات میں کمی لائی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp