محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی میں آنے والے دنوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں، جن کے نتیجے میں سیلابی صورتحال جنم لے سکتی ہے۔ یہ سلسلہ 15 جولائی سے 31 اگست کے درمیان جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسی تناظر میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے فلڈ ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ دنوں میں کن اہم سیاحتی مقامات میں بارشیں اور سیلاب متوقع ہے؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 7 فلڈ ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کے لیے خوراک، پینے کا صاف پانی، ادویات، عارضی رہائش اور سیکیورٹی جیسی بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ نالہ لئی سمیت دیگر برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مرکزی کنٹرول روم بھی فعال کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122، واسا اور دیگر امدادی اداروں کو نہ صرف الرٹ کردیا گیا ہے بلکہ انہیں کشتیوں اور لائف جیکٹس جیسا ضروری سامان بھی مہیا کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں کے قریبی سرکاری اسکولوں کو عارضی ریلیف مراکز میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی ایک بڑھتا ہوا عالمی بحران اور پاکستان کی آزمائش
اس کے ساتھ ہی محکمہ تعلیم، صحت، پولیس اور ٹرانسپورٹ کو بھی مخصوص ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ واسا کے عملے کی تمام چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور نالہ لئی کی نگرانی ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے پر فوری ردعمل دیا جا سکے۔