بحرین میں جاری انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ اسنوکر فیڈریشن ورلڈ ماسٹرز اسنوکر چیمپیئن شپ میں پاکستان کے محمد آصف اور شاہد آفتاب نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابتدائی دن ہی اپنے اپنے گروپ میچز جیت کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی۔
یہ چیمپئن شپ 15 ممالک کے 43 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جہاں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے عالمی چیمپیئن محمد آصف جو گروپ سی میں شامل ہیں نے دونوں میچز میں اپنے حریفوں کو باآسانی شکست دی۔ پہلے میچ میں انہوں نے عمان کے ہائثم بن علی کو 0-3 سے شکست دی۔ اس میچ میں فریم اسکورز 33-89، 4-69، اور 6-53 رہے۔ اس میچ میں آصف نے پہلے فریم میں 61 اور دوسرے فریم میں 46 کا شاندار بریک کھیلا۔
یہ بھی پڑھیے: ایشین 6 ریڈ اور ٹیم اسنوکر چیمپیئن شپ، 3 پاکستانی کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
دوسرے میچ میں آصف نے آئرلینڈ کے جے چوپڑا کو بھی 0-3 سے شکست دی جس کے فریم اسکورز 33-68، 14-79، اور 16-67 تھے۔ اگرچہ اس میچ میں انہوں نے کوئی بڑا بریک نہیں لگایا مگر مسلسل عمدہ پوٹنگ اور ٹیبل پر کنٹرول نے انہیں فتح دلائی۔
گروپ بی میں شامل شاہد آفتاب نے دونوں میچز میں سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی اور دونوں میچ 3-2 سے جیتے۔
پہلے میچ میں انہوں نے مصر کے محمد نویر کو سخت مقابلے کے بعد 68-43، 47-64، 88-35، 31-60، اور 94-36 کے فریم اسکور سے شکست دی۔ تیسرے فریم میں آفتاب نے 88 کا شاندار بریک لگا کر برتری حاصل کی اور پھر آخری فریم میں پر اعتماد کھیل سے میچ اپنے نام کیا۔
یہ بھی پڑھیے: ایشیائی 6 ریڈ اسنوکر چیمپیئن شپ: پاکستانی کھلاڑیوں کا شاندار کارکردگی کے ساتھ آغاز
دورے میچ میں انہوں نے کویت کے عبداللہ الیوسف کے خلاف 0-2 سے پیچھے ہونے کے باوجود زبردست واپسی کرتے ہوئے 2-3 سے کامیابی حاصل کی اور فریم اسکورز 70-25، 53-31، 06-79، 13-58 اور 25-103 رہا۔ تیسرے فریم میں 48 اور 5ویں میں فیصلہ کن 73 کا بریک کھیل کر شاہد آفتاب نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
دونوں پاکستانی کیوئسٹز پیر کے روز اپنے آخری گروپ میچز میں بھارتی کھلاڑیوں کا سامنا کریں گے، جہاں وہ گروپ اسٹیج کا اختتام فتح کے ساتھ کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔














