دنیا بھر میں متعدد کمپنیاں اسمارٹ فونز تیار کرتی ہیں، تاہم ایپل کے آئی فونز کو ایک خاص مقام حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر سال صارفین نئے ماڈلز کا شدت سے انتظار کرتے ہیں۔
رواں برس ایپل کی جانب سے آئی فون 17 سیریز متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، اور اب اس کی ممکنہ رونمائی کی تاریخ بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کا 2026 کا منصوبہ: نیا بجٹ آئی فون، آئی پیڈز اور میکس متعارف ہوں گے
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل اپنے نئے آئی فونز کو 9 یا 10 ستمبر کو ایک خصوصی ایونٹ میں پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ایپل عام طور پر ستمبر میں منگل یا بدھ کے دن اپنے نئے فونز متعارف کراتا ہے۔
اس بار متوقع آئی فون 17 سیریز میں مجموعی طور پر 7 ماڈلز شامل ہوں گے، جن میں آئی فون 17، آئی فون 17 ائیر، آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کے نام نمایاں ہیں۔
اس مرتبہ کیمرا ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے، کیونکہ 2020 میں آئی فون 11 کی آمد کے بعد سے اب تک ایپل کے کیمرا لے آؤٹ میں خاطر خواہ فرق نہیں آیا۔
آئی فون 17 سیریز میں پچھلا اسکوائر کیمرا سیٹ اپ ختم کیا جا سکتا ہے اور اسے ایک نیا ڈیزائن دیا جائے گا۔
اسی طرح فرنٹ کیمرے کا موجودہ ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن بھی نئی تبدیلیوں سے گزرتا دکھائی دے گا، جبکہ فونز میں زیادہ تیزرفتار میگ سیف چارجنگ اور نئی A19 چپ شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
اس سیریز میں شامل ’آئی فون 17 ائیر‘ کمپنی کا اب تک کا سب سے باریک فون ہوگا، جو کہ آئی فون 16 پلس کی جگہ لے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی فون کے بعد اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی ایڈوب فوٹوشاپ بالکل مفت دستیاب
اس ماڈل کے پچھلے حصے میں صرف ایک کیمرا دیا جائے گا، جو غالباً 48 میگا پکسل کا ہوگا۔ اس فون کی سب سے بڑی خصوصیت اس کا جدید اور پتلا ڈیزائن ہوگا، جب کہ فیچرز کے اعتبار سے یہ عام ماڈلز سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ہوگا۔