پاکستان اور برطانیہ کا بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام پر اتفاق

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور برطانیہ نے باہمی تجارت کو وسعت دینے لیے نئی بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔

برطانیہ اور پاکستان کے وزرائے تجارت نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے، یہ اعلانات برطانیہ-پاکستان ٹریڈ ڈائیلاگ کے آغاز کے موقع پر کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی تارکین وطن پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات بڑھانے میں پل کا کام کرتے ہیں، سفیر ڈاکٹر محمد فیصل

برطانوی ہائی کمشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے ٹریڈ ڈائیلاگ میں نئی برطانیہ-پاکستان بزنس ایڈوائزری کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، جس میں ممتاز کاروباری رہنما اور سرکاری حکام شامل ہوں گے۔ یہ کونسل پالیسی اصلاحات، مارکیٹ تک رسائی کی رکاوٹوں کے خاتمے اور تجارتی مواقع بڑھانے کے لیے مشاورت فراہم کرے گی۔

وزارتی سطح پر سالانہ اجلاس پر اتفاق

لندن میں ہونے والے اجلاس کی صدارت برطانوی وزیر برائے تجارتی پالیسی و اقتصادی سلامتی ڈگلس الیگزینڈر اور پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کی، دونوں وزرا نے سالانہ بنیاد پر وزارتی سطح پر اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

’یہ ڈائیلاگ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اور قدم‘

برطانوی وزیر ڈگلس الیگزینڈر نے کہا کہ یہ ڈائیلاگ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اور قدم ہے، جو نئے کاروباری مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے صحت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو برطانیہ کی صنعتی حکمت عملی کا اہم ستون قرار دیا۔

یہ ڈائیلاگ دوطرفہ تجارت کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جام کمال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے برطانیہ کو پاکستان کا اہم اقتصادی شراکت دار قرار دیا اور کہا کہ یہ ڈائیلاگ دوطرفہ تجارت کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق بنانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

پاکستان کے لیے 2 لاکھ پاؤنڈ کی تکنیکی معاونت

برطانیہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کی کوششوں میں مدد کے لیے 2 لاکھ پاؤنڈ مالیت کی تکنیکی معاونت کا اعلان بھی کیا ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کی رہنمائی اور دوطرفہ روابط کو فروغ دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: برطانیہ کا نیا امیگریشن پلان؛ پاکستانیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی؟

ڈائیلاگ کے دوران اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حالیہ مہینوں میں بڑھتی ہوئی تجارت کو مزید وسعت دی جائے گی،گزشتہ سہ ماہی میں دوطرفہ تجارت میں 7.3 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا اور موجودہ تجارتی حجم 4.7 ارب برطانوی پاؤنڈ تک پہنچ چکا ہے۔

صنعتی حکمت عملی اور مستقبل کا تعاون

برطانیہ کی انڈسٹریل اسٹریٹجی سرمایہ کاری، ہنر کی ترقی، ضوابط اور منصوبہ بندی میں اصلاحات کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنا رہی ہے۔ ٹریڈ ڈائیلاگ اور انڈسٹریل اسٹریٹجی کے اشتراک سے برطانیہ پاکستان جیسے کلیدی شراکت داروں کے ساتھ کھلی اور منصفانہ تجارت کے لیے پرعزم ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp