حق کی شمع جلائے رکھنے والی صحافی زبیدہ مصطفیٰ نے بعد از مرگ بھی زندگیوں میں روشنی بھردی

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حال ہی میں کراچی میں انتقال کرجانے والی ویٹرن صحافی زبیدہ مصطفیٰ جاتے جاتے 2 نابینا افراد کو بینائی کا تحفہ دے گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کی ویٹرن صحافی زبیدہ مصطفیٰ نہیں رہیں

پاکستان آئی بینک سوسائٹی اسپتال میں قرنیہ ٹرانسپلانٹ سرجری کامیابی سے ہونے کے بعد ایک نابینا شخص اب دنیا کو دیکھ سکے گا۔ زبیدہ مصطفیٰ نے سنہ 1975 میں اپنا قرنیہ عطیہ کی وصیت کردی تھی۔

ان کے انتقال کے بعد ان کے دونوں قرنیے حاصل کر لیے گئے۔ پی ای بی ایس اسپتال اور ایس آئی یو ٹی میں بیک وقت 2 نابینا افراد پر ٹرانسپلانٹ سرجری کی گئی جنہیں ایک ایک قرنیہ دیا گیا۔

پی ای بی ایس اسپتال میں ڈاکٹر فیصل مرتضیٰ نے محمد صادق کی ٹرانسپلانٹ سرجری کی جو نابینا ہو چکے تھے۔ صادق اسکول ٹیچر تھے اور برسوں سے بینائی سے محروم تھے۔

مزید پڑھیے: پشاور: دنیا سے رخصت ہوتا 14 سالہ ہیرو 5 خاندانوں کو انمول خوشیاں دے گیا

زبیدہ مصطفیٰ کی طرف سے عطیہ کیے گئے قرنیہ کے ساتھ پہلی سرجری رپورٹ کو ڈاکٹر فیصل نے کامیاب قرار دیا اور خوشخبری سنائی کہ صادق دوبارہ دنیا کو دیکھ سکیں گے۔

صدر پاکستان آئی بینک سوسائٹی قاضی ساجد علی نے اس موقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مرنے کے بعد قرنیہ کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے جو کسی نابینا فرد کو اپنے قریبی عزیزوں کو دیکھنے اور عام زندگی گزارنے کے قابل بناتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں عطیہ چشم کا فقدان، سری لنکا کی فیاضی

اس طرح اپنے صحافتی کیریئر میں قلم سے حق کی شمع جلائے رکھنے والی زبیدہ مصطفیٰ نے مرنے کے بعد بھی 2 انسانوں کی زندگی میں روشنیاں بھر دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp