کتنے آدمی تھے؟ اردوان نے ترکیہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کر دیا

پیر 8 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترکیہ میں 14 مئی کو ہونے والے انتخابات کی مہم کے سلسلے میں ملک کے حکمران عوامی اتحاد نے 17 لاکھ افراد کی شرکت کے ساتھ ترکیہ بلکہ یورپ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ منعقد کیا۔ جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کو انتخابی نتائج کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

اتوار کے روز استنبول کے پرانے اتا ترک ایئر پورٹ پر اپنے خطاب کے دوران صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ اس وقت جبکہ میں غیور ترک قوم سے مخاطب ہوں، یہ 17 لاکھ لوگوں کا تاریخی اجتماع ہے اور ابھی لوگوں کی آمد جاری ہے۔

رجب طیب اردوان نے کہا کہ ان کی حکومت نے گزشتہ 21 برس میں قومی آمدنی میں 3 گنا اضافہ کیا ہے۔ ان برسوں میں ہم نے اپنی آبادی میں شامل 2 کروڑ 10 لاکھ افراد کو نوکریاں اور خوراک فراہم کی ہے۔ ہم نے 21 برس میں ایک کروڑ 50 لاکھ نئے گھر بنائے اور خاندانوں کو چھت فراہم کی۔

صدر اردوان نے ترک اپوزیشن کو جنگی ڈرونز کے بارے میں بیان بازی پر تنقید کا نشانہ بنایا اور ملک کی دفاعی صنعت کو مزید بڑھانے کا عہد بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت ’عظیم استنبول ٹنل پروجیکٹ‘ پر عمل درآمد کر رہی ہےجو سمندر کے نیچے سے گزرنے والی تیسری ٹیوب ہوگی۔

واضح رہے کہ ترکیہ کے عام انتخابات میں ترک صدر طیب اردوان کو 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔اپوزیشن جماعتوں نے موجودہ صدر رجب طیب اردوان کے خلاف مشترکہ امیدوار کمال قلیچ‌ داراوغلو کو کھڑا کیا ہے جو اہم اپوزیشن ری پبلکن پیپلز پارٹی کے سربراہ ہیں اور 2019 میں استنبول اور انقرہ میں میونسپل الیکشن جیتنے میں بھی کامیاب ہوئے تھے۔

ترک میڈیا کے مطابق 6 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار کمال قلیچ‌ داراوغلو اردوان کے لیے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp