لاس اینجلس 2028 اولمپکس میں کرکٹ کی شاندار واپسی 128 سال بعد 12 جولائی سے ہوگی، تمغوں کے میچز 20 اور 29 جولائی کو ہوں گے، منتظمین نے مقابلوں کا شیڈول جاری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں:2028 کے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ سمیت 5 نئے کھیل شامل
1900 کے پیرس اولمپکس کے بعد کرکٹ پہلی بار کسی اولمپک ایونٹ کا حصہ بن رہی ہے جہاں صرف برطانیہ اور فرانس کی 2 ٹیموں کے درمیان ایک غیر رسمی میچ ہوا تھا۔

اس بار کرکٹ جدید T20 فارمیٹ میں کھیلی جائے گی جس میں مردوں اور خواتین کے لیے الگ الگ ٹورنامنٹس ہوں گے، ہر ایونٹ میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے دیے جائیں گے۔
ہر ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہوں گی اور 90 کھلاڑیوں کا کوٹہ رکھا گیا ہے، تمام میچز پومونا کے فیئر گراؤنڈز میں ہوں گے جو لاس اینجلس سے 50 کلومیٹر دور واقع ہے۔

میچز مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے اور شام 6:30 بجے شروع ہوں گے۔ 14 اور 21 جولائی کو کوئی میچ شیڈول نہیں، زیادہ تر دنوں میں ڈبل ہیڈر میچز ہوں گے۔
کرکٹ کے ساتھ اسکواش، بیس بال/سافٹ بال، فلیگ فٹبال اور لاکروس کو بھی LA28 میں نئے کھیلوں کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

اولمپکس میں کرکٹ کی شمولیت کھیل کی عالمی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے اور بھارت سمیت کئی ممالک کے شائقین کے لیے یہ ایک یادگار لمحہ ہوگا۔














